معروف مذہبی سکالر ، عالم دین اور مصنف عبدالوکیل علوی انتقال کرگئے

معروف مذہبی سکالر ، عالم دین اور مصنف عبدالوکیل علوی انتقال کرگئے

  

لاہور ( نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی کے معروف مذہبی سکالر ، عالم دین اور مصنف عبدالوکیل علوی لاہور میں انتقال کرگئے ہیں ۔ مولانا عبدالوکیل علوی نے مولانا کی کتب سے سیرت پاک سے متعلق تحریریں یکجا کر کے تین جلدوں پر مشتمل سیرت سرور عالم مرتب کی ہے ۔ مولانا کے لٹریچر سے احادیث کا مجموعہ تفہیم الحدیث کے نام سے 8 جلداور تفہیم احکام القرآن 5 جلدوں میں مرتب کی ۔ ’’ یہودیت قرآن کی روشنی میں ‘‘ اور’’ نصرانیت قرآن کی روشنی میں ‘‘بھی ان کی مرتب کردہ ہیں ۔ علاوہ ازیں بھی انہوں نے بہت علمی کام کیا ۔ مولانا عبدالوکیل علوی نے مولانا مودودیؒ کا ترجمہ قرآن ، مولانا مودودیؒ کے ساتھ مل کر پروف ریڈنگ کا کام بھی کیا ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق ، نائب امراء حافظ محمد ادریس ، میاں محمد اسلم ، اسد اللہ بھٹو ، راشد نسیم ،سابق نائب امراء چوہدری رحمت الٰہی ، چوہدری محمد اسلم سلیمی ، سیکرٹری جنر ل لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، حافظ ساجد انور ، محمد اصغر ، اظہر اقبال حسن ، سید وقاص جعفری نے مولانا عبدالوکیل علوی کی وفات پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جماعت ایک بہترین مذہبی سکالر اور مصنف سے محروم ہو گئی ہے ۔ ان کی وفات ہمارے لیے بہت بڑا صدمہ ہے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ان کی دینی خدمات کو شرف قبولیت بخشے ۔ جماعت کے رہنماؤں نے مولانا عبدالوکیل علوی کے خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیاہے ۔ مولانا عبدالوکیل علوی مرحوم کی نماز جنازہ 12 جنوری بروز منگل صبح 9 بجے منصورہ میں ادا کی جائے گی ۔

مزید :

صفحہ آخر -