ایڈیشنل اینڈ سیشن جج طاہر خان نیازی کے قتل کے مقدمہ میں 6 گواہان کے بیانات پر جرح مکمل
راولپنڈی( نیوز رپورٹر) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر 2 کے جج آصف مجید اعوان نے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج طاہر خان نیازی کے قتل کے مقدمہ میں 6 گواہان کے بیانات پر جرح مکمل ہونے پر سماعت ملتوی کر دی ہے۔گزشتہ روز سماعت کے موقع پر ملزمان عامر بھٹی، راشد مسیح اور فیاض مسیح عدالت حاضر تھے، استغاثہ کے 6گواہ خرم شہزاد، عبدالمجید، محمد یونس، نور جمال، عاصم اور محبوب الرحمن کے بیانات پر ملزمان کے وکلا نے جرح مکمل کر لی، مزید کاروائی کیلئے سماعت 20 جنوری تک کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ 5اگست کو ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈ ی طاہر خان نیازی کو سیٹلائیٹ ٹاؤن ان کی رہائش گاہ پر گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جس پر تھانہ وارث خان میں دہشت گردی ،قتل، اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔