فیصل آباد سے جدہ کیلئے براہ راست پروازوں کا آغازہوچکاہے

فیصل آباد سے جدہ کیلئے براہ راست پروازوں کا آغازہوچکاہے

  

لاہور (خبر نگار خصوصی)پی آئی اے کی جانب سے پروازوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ منافع بخش روٹس پر نئی پروازیں اور بعض مقامات کیلئے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی بحالی کے اقدامات اور اسے منافع بخش ادارے میں تبدیل کرنے کیلئے وزیر اعظم نوازشریف اور ان کے معاون خصوصی کے احکامات کو مد نظر رکھتے ہوئے مسافروں کی سہولیات میں ہر ممکن اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں قومی ایئر لائن نے سعودی عرب میں مقیم فیصل آباد اور گردونواح کے لوگوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصل آباد سے جدہ کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلی پرواز کے مسافروں کو فیصل آباد کے ہوائی اڈے پر پی آئی اے کے جنرل مینیجر عمر دراز ، ڈسٹرکٹ مینیجر قیصر اقبال اور سٹیشن مینیجر اشفاق اعوان نے رخصت کیا۔ ایئر پورٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر دراز نے کہا کہ پی آئی اے بحالی کے سفر کی جانب تیزی سے گامزن ہے اور جدہ کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے 22 دسمبر کو فیصل آباد سے مدینہ منورہ کیلئے بھی براہ راست پروازوں کا آغاز کیا جا چکا ہے اور خلیجی ممالک کیلئے بھی فیصل آباد سے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ مسافروں اور عملہ کے ارکان کو پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینجر قیصر اقبال اور سٹیشن مینجر اشفاق اعوان نے روانگی کے وقت پھول پیش کئے۔

مزید :

کراچی صفحہ آخر -