لاہور بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران نے چارج سنبھال لیا

لاہور بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران نے چارج سنبھال لیا

  

لاہور(نامہ نگار) لاہور بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر ارشد جہانگیر جھوجہ نے بار اوربنچ کے تعلقات کو مزید بہتر اور خوشگوار بنانے وکلاء کی خدمت اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے ادھورے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کرنے اور نوجوان وکلاء کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور بار کے سالانہ انتخابات میں منتخب ہونے والی کابینہ نے گزشتہ روز ایوان عدل میں اپنے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیاہے۔سابق صدر چودھری اشتیاق اے خان اور ممبر پنجاب بار کونسل سابق چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار طاہر نصراللہ وڑائچ نے نئی کابینہ کو کمیٹی روم بٹھایا نو منتخب صدر اپنی کابینہ کے ہمراہ ایوان عدل پہنچے تو وکلاء نے ڈھول کی تھاپ پر ان کا استقبال کیا ،نوجوان وکلاء نے بھنگڑے ڈالے مٹھائی تقسیم کی اور منوں پھولوں کی پتیاں ان پر نچھاور کیں ،کابینہ نے صدر ارشد جہانگیر جھوجہ کے ہمراہ بار روم کا دورہ کیا اور وکلاء کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں وکلاء کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ان کا اوڑھنا بچھونا صرف اور صرف وکا لت اور ان کی ذات برادری بھی کالا کوٹ ہی ہے ۔اس موقع پر صدر لاہور بار ارشد جہانگیر جھوجہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہوکلاء کے لئے ہسپتال کی تعمیر لاہور بار کے وکلاء کا درینہ خواب ہے انہوں نے کہا کہ میری تمام تر کوشش ہوگی کہ اس اہسپتال کی تعمیر کو مکمل کیا جائے اور میں اپنی کابینہ کے ساتھ مل کر اس کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اس پروجیکٹ کے لئے دن رات ایک کر یں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ وکلاء کی کالونی منظور کروائی جائے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم چونکہ خود پروفیشنل وکیل ہیں اس لئے وکلاء کے مسائل بالخصوص نوجوان وکلاء کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اس لئے نوجوان وکلاء کو معاشی سہولیات مہیا کرنے کیلئے اقدامات کریں گے انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں خواتین وکلاء کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے لئے بہت سے مسائل اور قباحتیں درپیش ہیں ہماری کوشش ہوگی کہ خواتین کو وکلالت کے اس مقدس پیشے میں عزت اور حترام کے ساتھ معاشی فائدے ہوں اور وہ بغیر کسی سہارے کے اپنے پاؤں پر کھڑی ہوں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ ہمارے دور میں عدالتوں کے احترام کو ملحوظ خاطررکھاجائے اس کے لئے ہم عدالتوں کو مکمل احترام دیں گے جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ عدالتیں بھی وکلاء کو ان کا جائز مقام دیں اور وکیل کی عزت اور کالے کوٹ کے تقدس کو برقرار رکھیں۔

مزید :

کراچی صفحہ آخر -