دہشت گرد ائیرپورٹ میں داخل نہ ہوسکے، فائرنگ، دستی بم پھینکے

دہشت گرد ائیرپورٹ میں داخل نہ ہوسکے، فائرنگ، دستی بم پھینکے
دہشت گرد ائیرپورٹ میں داخل نہ ہوسکے، فائرنگ، دستی بم پھینکے

  

لاہور (ویب ڈیسک) حساس ادارے کے افسر نے اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کی علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی۔ نجی اخبار ''روزنامہ دنیا''کے مطابق پیر کی صبح کار سوار دہشتگردوں نے ائیرپورٹ کے رن وے سے متعلقہ ہاﺅسنگ سوسائٹی کے راستے ہوائی اڈے کے اندر جانے کی کوشش کی، اسی دوران سوسائٹی  میں رہائش پذیر حساس ادارے کے افسر سعد علی نے مشکوک کار دیکھ کر اسے روکنا چاہا تو دہشتگردوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور دستی بم بھی پھینکے، سعد علی نے دہشتگردوں کا ڈٹ کرمقابلہ کیا اور دہشتگردوں کو سوسائٹی کی دیوار پھلانگ کر ائیرپورٹ میں گھسنے کی مہلت ہی نہ دی ، اس دوران گولیاں لگنے سے سعد علی اور ان کا ملازم زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سن کر ائیرپورٹ پر تعینات سیکیورٹی ایجنسیاں بھی متحرک ہوگئیں اور فوری مورچہ بندی کرتے ہوئے ائیرپورٹ اور رن وے کو جانے والے راستے بند کردئیے۔

مشن کی ناکامی دیکھتے ہوئے دہشت گرد فرار ہوگئے، اسی اثناءحساس ادارے، پولیس، بم ڈسپوزل سکواڈ اور ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ تفتیشی ٹیموں نے جائے مقابلہ سے دستی بم کے ٹکڑے اور گولیوں کے خول قبضہ میں لے لئے جبکہ زخمی افسر سعد علی اور ان کے ملازم کو فوری طور پر سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔ بعدازاں سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 3 مشکوک افراد اور سوسائٹی کے مسلح گیٹ کیپرز کو بھی حراست میں لے لیا جن کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ دہشتگردوں کے سہولت کار ہوسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس ہاﺅسنگ سوسائٹی میں زیادہ تر حساس اور سرکاری اداروں کے افسر رہائش پذیر ہیں جبکہ یہاں سے ائیرپورٹ کا رن وے صرف 500 گز کے فاصلہ پر ہے۔ مزید برآن ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف نے بتایا کہ اس ہاﺅسنگ سوسائٹی کی سیکیورٹی اپنی ہے جبکہ ائیرپورٹ کے چاروں اطراف پولیس نے سخت انتظامات کررکھے ہیں اس لئے دہشتگردوں نے سوسائٹی کی دیوار پھلانگ کر اندر جانے کا منصوبہ بنایا۔

مزید :

لاہور -