پٹھانکوٹ حملہ ، بہاولپور ، سیالکوٹ سے 4 افراد گرفتار : بھارتی دعویٰ
اسلام آباد (آئی این پی ) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پٹھانکوٹ حملہ کے سلسلہ میں بہاولپور اور سیالکوٹ سے 4 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ، بھارتی وزیر دفاع نے کہا ہے تکلیف دینے والوں کو تکلیف دیں گے، وقت اور جگہ کا تعین ہم خود کریں گے ، ادھر پاکستان نے پٹھانکوٹ حملے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ بھارت کو فراہم کر دی ہے، ایک نجی ٹی وی کے مطابق بھار ت نے پاکستان کو حملہ آوروں سے متعلق کچھ فون نمبرز فراہم کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حملہ آوروں نے بہاولپور سے ان نمبرز سے بات کی تھی، بھارت کا یہ دعویٰ ہے کہ حملہ آور کا لعدم جیش محمد سے تعلق رکھتے ہیں، حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستانی اداروں نے بھارتی معلومات کی روشنی میں فوری تحقیقات شروع کر دی تھی اور اب ابتدائی رپورٹ بھارت کو بھجوا دی ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے جو فون نمبرز فراہم کیے، وہ غیر رجسٹر ڈ ہیں، تاہم مزید تحقیقات جاری ہے، بھارت سے پٹھانکوٹ واقعہ پر مزید شواہد اور ثبوت بھی مانگے گئے ہیں، ادھر بھارت میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پٹھان کوٹ حملے کے بعد بھارت کی طرف سے فراہم کردہ شواہد کی روشنی میں پاکستان نے حملے سے تعلق کے شبے میں سیالکوٹ اور بہاولپور سے 4 افراد کو حراست میں لیا، بھارتی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے بھارتی تحقیقات ایجنسی بلیک کارنر نوٹس تک جائے گی اور یہ نوٹس بھارتی تحقیقات ایجنسی کی جانب سے انٹر پول کے ذریعے جاری کیا جائے گا، دریں اثنا بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے وزیر داخلہ راج ناتھ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں دونوں رہنماﺅں نے پٹھان کوٹ حملے میںملوث ایس پی گورداس پور سلویندر سنگھ کوکلین چٹ دینے کے امکانات کو رد کر دیا اور ایس پی سے مزید تفتیش جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔