سری لنکا کا جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان
کولمبو (اے پی پی) سری لنکا کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا، دو نئے کھلاڑی تھکشیلا ڈی سلوا اور لکشن سنداکن پہلی بار سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا آغاز 20 جنوری سے ہو گا۔ کرکٹ سری لنکا کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق لیگ سپنر جیفری وانڈرسے کو ڈراپ کر کے سیکیوج پراسانا کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، فاسٹ باؤلر دشمانتھا چمیرا کو بھی سکواڈ سے نظرانداز کر دیا گیا، تھسرا پریرا جو کہ ان دنوں بگ بیش لیگ کھیل رہے ہیں کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ اعلان کردہ سکواڈ کپتان اینجلومیتھیوز، دنیش چندیمل، دانشکا گوناتھیلیکا، سیکیوج پراسانا، نیروشن ڈکویلا، سرنگا لکمل، نوون پرادیپ، ایسورو اودانا، کوسل مینڈس، دھانن جایا ڈی سلوا، آسیلہ گونارتنے، ساچتھ پتھیرانا، لکشن سنداکن، تھکشیلا ڈی سلوا اور نووان کولاسیکرا پر مشتمل ہے۔