ہاشم آملہ آج سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ میچز کی سنچری مکمل کرینگے
جوہانسبرگ(اے پی پی) جنوبی افریقن ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ (آج) جمعرات کو سری لنکا کے خلاف آخری ٹیسٹ میں کیریئر کا سواں میچ کھیلیں گے، وہ یہ اعزاز پانے والے آٹھویں جنوبی افریقن پلیئر بن جائیں گے، اس سے قبل جیک کیلس، مارک باؤچر، گریم سمتھ، شان پولاک، اے بی ڈی ویلیئرز، گیری کرسٹن اور مکھایا نیتنی بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، پروٹیز کی جانب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے کا اعزاز جیک کیلس کو حاصل ہے جنہوں نے 165 ٹیسٹ میں ملک کی نمائندگی کی۔ آملہ نے 2004ء میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اس وقت ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے خطرناک اور منجھے ہوئے بلے بازوں میں کیا جاتا ہے، انہوں نے تیرہ سالہ کیرئر کے دوران اب تک 99 ٹیسٹ کھیل رکھے ہیں، انہوں نے 25 شاندار سنچریوں کی مدد سے 7665 رنز بنا رکھے ہیں۔