سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس متعدد سیٹیں ختم پروموشن میں تاخیر سے بیورو کریسی بددلی کا شکار

سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس متعدد سیٹیں ختم پروموشن میں تاخیر سے بیورو کریسی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(محمد نواز سنگرا)نئے نظام کی وجہ سے بیوروکریسی کی پروموشن تاخیر کا شکار ہونے لگی جس وجہ سے ایگزیکٹو افسران بد دلی کا شکار ہونے لگے ہیں۔سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 2016کے نفاذ کے بعد پنجاب میں فیلڈ کی گریڈ18اور19کی299سیٹیں ختم کی گئی ہیں جبکہ 153نئی سیٹیں سامنے لائی گئی ہیں۔جس کے بعد 146فیلڈ افسران کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔نئے نظام میں گریڈ 18کی سیٹ ڈی او سی ایچ آر ایم جبکہ گریڈ 19کی ای ڈی فنانس اینڈ پلاننگ اور ای ڈی اوسی ڈی کی سیٹیں ختم کی گئی ہیں جبکہ نئی سیٹوں میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ بنائی گئی ہیں۔نئے نظام کے آنے کی وجہ سے افسران پریشان ہو گئے ہیں کیونکہ سیٹیں کم ہونے کی وجہ سے 146افسران کی فیلڈ میں گنجائش نہ ہونے کی وجہ سے ان کا ایس اینڈ جی اے میں رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے ۔ان افسران کی وجہ سے پروموشن کا معاملہ بھی لٹک گیا ہے اور افسران کی ترقیاں رک گئی ہیں۔جو بیوروکریسی کیلئے پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔سب سے زیادہ پریشانی صوبائی سروس کے افسران کو لاحق ہے کیونکہ پی سی ایس یا پی ایم ایس افسران کو پہلے ہی 15سے17سال بعد ترقی دی جاتی ہے اور افسران کے سرپلس ہونے کی وجہ سے ان ترقیاں مزید لٹک گئی ہیں۔واضح رہے کہ گریڈ 18کی190سیٹیں ختم کی گئی ہیں جبکہ محض 117نئی سیٹیں لائی گئی ہیں۔اس طرح گریڈ18کی کل 71اور19کی73سیٹیں ختم کر دی گئی ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -