چائلڈ لیبر کیخلاف قانون سازی کی جائے
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے طیبہ تشدد کیس کے تناظر میں چائلڈ لیبر اور اس دوران بچوں پر ہونے والے تشدد کی روک تھام کیلئے قانون سازی کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ’ والدین سے بچھڑے ہوئے اور اغوا ہونے والے بچوں کو ایک مخصوص طبقہ کے لوگ مزدوری کیلئے بیچ دیتے ہیں یا پھر ماہانہ تنخواہ پر مختلف لوگوں کے حوالے کردیتے ہیں۔ جن سے وہ خریدار بے پناہ کام لینے کے ساتھ ساتھ انسانیت سوز تشدد بھی کرتے ہیں اور ایسے واقعات میں متعدد بچے مر بھی چکے ہیں۔ جب کوئی واقعہ ہائی لائٹ ہوجائے تو ان بچوں کے والدین کے متعدد دعوے دار بن جاتے اور پیسے لے کر صلح صفائی کرلیتے ہیں جس کی حالیہ مثال طیبہ تشدد کیس ہے۔ لہٰذا پنجاب کا یہ منتخب ایوان حکومت سے اس امر کی سفارش کرتا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر قانون سازی کے ذریعے عبرتناک سزائیں مقرر کی جائیں تاکہ ایسے گھنا?نے جرائم کا تدارک ہو سکے‘۔