وزیراعظم کا پاکستان اور عمان کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کی تجویز کا خیر مقدم
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم نوازشریف نے کراچی ،گوادر اور عمان کے دارلحکومت مسقط کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کیاہے ۔
ایکسپریس ٹربیون کے مطابق مطابق وزیراعظم نوازشریف سے عمان کے سٹیٹ کونسل پریزیڈنٹ ڈاکٹر یحییٰ محفود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا نیا باب کھلے گا ۔وزیراعظم نوازشریف کا کہناتھا کہ فیری سروس بڑی تعداد میں لوگوں کو نقل وحمل کا انتہائی سستا اور متبادل ذریعہ فراہم کرے گی ۔نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عمان جغرافیائی قربت کے باعث قدرتی اتحادی ہیں.انہوں نے کہا کہ پاکستان خلیج تعاون کونسل کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے کی حمایت کیلئے عمان کا شکرگزار ہے ۔وزیراعظم نوازشریف نے عمان کو پاکستان میں انرجی سیکٹر ،انفراسٹریکچر اور انڈسٹری سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی ۔