بالی ووڈ اداکار فلم سائن کرنے سے پہلے کیا شرائط رکھتے ہیں؟ ایسی باتیں سامنے آگئیں کہ جان کر آپ بھی دم بخود رہ جائیں گے

بالی ووڈ اداکار فلم سائن کرنے سے پہلے کیا شرائط رکھتے ہیں؟ ایسی باتیں سامنے ...
بالی ووڈ اداکار فلم سائن کرنے سے پہلے کیا شرائط رکھتے ہیں؟ ایسی باتیں سامنے آگئیں کہ جان کر آپ بھی دم بخود رہ جائیں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ انڈسٹری میں کام کرنے یا چھوٹا سارول حاصل کرنے کیلئے لاکھوں لوگ کچھ بھی کرنے کو تیار ہوجاتے ہیں لیکن اسی انڈسٹری کے کچھ صف اول کے اداکار ایسے بھی ہیں جو اپنی شرائط پر فلمیں سائن کرتے ہیں اور پروڈکشن ہاﺅس کو ان کے ناز نخرے بھرپور طریقے سے اٹھانے پڑتے ہیں۔
انڈین ویب سائٹ دیسی مارٹینی کے مطابق بالی ووڈ میں کام کرنے والے بہت سے فنکار کوئی بھی فلم سائن کرنے سے پہلے اپنی مخصوص شرائط رکھتے ہیں جنہیں پروڈکش ہاﺅس کو ماننا پڑتا ہے۔ ذیل میں ہم صف اول کے کچھ اداکاروں کی شرائط کی فہرست پیش کر رہے ہیں جو قارئین کیلئے یقینا دلچسپی کا باعث ہوگی۔
ہرتیک روشن
لچکدار جسم، بہترین ڈانس اور جان دار اداکاری کی صلاحیتوں کے حامل ہرتیک روشن کسی بھی فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے ہیں۔ وہ کوئی بھی فلم سائن کرنے سے پہلے پروڈکشن ہاﺅس سے الگ جم کی سہولت کا مطالبہ کرتے ہیں جس میں وہ پرسکون طریقے سے ورزش کر سکیں۔ اپنی گزشتہ فلم ’ موہنجو داڑو‘ کے دوران انہوں نے اپنی شرائط میں ایک شق کا اضافہ کردیا جس کے بعد فلم کا شیڈول تبدیل ہونے کے باعث پروڈکشن ہاﺅس کو انہیں اضافی پیسے ادا کرنے پڑے۔


اکشے کمار
بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار سب سے زیادہ کام کرنے والے ہیرو کے طور پر جانے جاتے ہیں جو صبح 4 بجے ہی شوٹنگ کی جگہ پر موجود ہوتے ہیں لیکن فلمیں سائن کرنے سے پہلے وہ بھی ایک شرط رکھتے ہیں۔ اکشے کمار کی شرط ہے کہ خواہ جیسے بھی حالات ہوں وہ اتوار کا دن اپنے خاندان کے ساتھ گزاریں گے اور کسی صورت بھی شوٹنگ نہیں کریں گے۔


سوناکشی سنہا
منہ میں سونے کا چمچ لے کر پیدا ہونے والی دبنگ گرل سوناکشی سنہا بھی اپنی شرائط منوانے میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب ہر طرح کے بولڈ کردار ادا کرنے کیلئے تیار لڑکے لڑکیوں کی لائنیں لگی ہوں سوناکشی سنہا کوئی بھی فلم سائن کرنے سے پہلے معاہدے میں یہ شق شامل کرتی ہیں کہ وہ آن سکرین بوس و کنار نہیں کریں گی۔


سلمان خان
انڈیا کے سب سے مشہور کنوارے اور بالی ووڈ میں متعدد سکینڈلز کے حوالے سے مشہور سلمان خان بھی سوناکشی سنہا کی طرح بوس و کنار سے گریز کرتے ہیں اور پروڈیوسرز سے شوٹنگ شروع ہونے سے پہلے ہی یہ بات طے کرلیتے ہیں کہ وہ کسی صورت بھی نہ ہی بوس و کنار کریں گے اور نہ ہی بھڑکیلے مناظر عکسبند کرائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ سلمان خان کی کسی بھی فلم میں دوسرے ہیروز کی طرح بیہودگی کا عنصر کم ہی ملتا ہے۔


کرینہ کپور خان
اگر نو وارد اداکار اپنی آنکھوں میں کرینہ کپور کے ساتھ کام کرنے کا سپنا سجا رہے ہیں تو یہ ان کیلئے بہت ہی بری خبر ہے کہ کیونکہ وہ کسی بھی نووارد کے ساتھ کام نہیں کرتیں ۔ نہ صرف نووارد بلکہ کرینہ کپور ایسی کسی بھی فلم میں کام نہیں کرتیں جس میں اے کیٹگری کے اداکار شامل نہ ہوں۔


کنگنا رناوت
بالی ووڈ کی پہلی سپر گرل کنگنا رناوت کسی بھی فلم کو سائن کرنے کیلئے خود معاملات طے نہیں کرتیں بلکہ یہ سب کام ان کا پرسنل اسسٹنٹ (پی اے) کرتا ہے اور جو بھی شرائط ہوں وہ پی اے ہی ڈسکس کرتا ہے۔


اکشے کھنہ
طویل عرصے بعد گزشتہ سال فلم ڈشوم میں نظر آنے والے ماضی کے معروف اداکار اکشے کھنہ نے اس فلم میں منفی کردار ادا کیا تھا لیکن انہوں نے منفی کردار ادا کرنے کی حامی بھرنے سے پہلے عجیب و غریب قسم کی شرائط رکھیں۔ انہوں نے ڈشوم میں منفی رول کی آفر آنے کے بعد یہ شرط رکھی کہ وہ ایسا کوئی بھی منفی کردار ادا نہیں کریں گے جو بہت ہی زیادہ برا ہو اور جسے ہیرو سے بہت زیادہ مار پڑتی ہو۔ انہوں نے اس فلم میں کام کرنے کیلئے یہ شرط بھی رکھی کہ اپنے کردار کے حوالے سے سکرپٹ سے ہٹ کر وہ خود بھی مشورے دیں گے جنہیں قبول کیا جائے گا۔

مزید :

تفریح -