پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور پاک چین صنعت و تجارت میں معاہدہ

پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور پاک چین صنعت و تجارت میں معاہدہ

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور پاک چین مشترکہ ایوان ہائے صنعت و تجارت نے باہمی تعاون کے فروغ کیلئے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ اس حوالے سے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری کے دفتر میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری کے افسران اور پاک چین مشترکہ ایوان ہائے صنعت و تجارت کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ مفاہمت کی یادداشت پر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ اور پاک چین مشترکہ ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر ایس ایم نویدنے دستخط کئے۔ مفاہمت کی یادداشت کے مطابق پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور پاک چین مشترکہ ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان اور چین کے درمیان معاشی سرگرمیوں میں تیزی اور معیشت کی بہتری کیلئے اپنی توانائیاں مشترکہ طور پر استعمال کریں گے۔ دونوں برادر ممالک کے ادارے باہمی امداد کے ذریعے معیشت کی بہتری کے اقدامات اٹھائیں گے اور اس ضمن میں دونوں ادارے معاشی استحکام کیلئے آپس میں تجزیاتی نتائج، اہم نکات اور ڈیٹا شیئر کریں گے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری پاک چین مشترکہ ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ارکان کو کاروبار اور تجارتی اداروں کے قیام، کام اور تنظیم سازی جیسے مراحل میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا جبکہ تجارتی اور کاروباری سیمیناروں، مذاکروں، شوز اور ایکسپو ز کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

معاہدے کی رو سے دونوں ادارے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے مل کر کام کریں گے اور ایسے اقدامات اٹھائیں گے جن سے صوبہ پنجاب میں نجی شعبے کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے گا۔ اس یادداشت کی رو سے صوبہ بھر میں معاشی ترقی کیلئے مختلف شعبوں کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا جبکہ بورڈ اور پاک چین مشترکہ ایوان ہائے صنعت و تجارت بین الاقوامی سرمایہ کاری کیلئے باقاعدہ لائحہ عمل تشکیل دیں گے۔

مزید : کامرس