دینی تعلیم کے ساتھ روایتی تعلیم کیلئے سرگرم عمل اداروں کی مالی امداد دراصل دنیا اور آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے، میاں محمد ادریس

دینی تعلیم کے ساتھ روایتی تعلیم کیلئے سرگرم عمل اداروں کی مالی امداد دراصل ...

فیصل آباد ( بیورورپورٹ) غیر روائتی تعلیمی طریق کار کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کے ساتھ روایتی تعلیم کیلئے سرگرم عمل اداروں کی مالی امداد دراصل دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی کا ذریعہ ہے اور خاص طور پر مخیر لوگوں کو ایسے کار خیر اور صدقہ جاریہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ یہ بات فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس نے آج اپنی طرف سے 15 سال سے زائد عمر کے ناخواندہ بچوں کو 2 سال میں میٹرک کرانے والی سسٹم فاؤنڈیشن اور قرآن پاک حفظ کرانے کے ساتھ میٹرک تک تعلیم دینے والے ادارہ اقراء روضتہ الاطفال ٹرسٹ کو سوزوکی ویگن عطیہ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ تقریب فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ہوئی جس میں ان اداروں کے منتظمین اور اساتذہ کے علاوہ فیصل آباد چیمبر کے صدر شبیر حسین چاولہ ، سنیئر نائب صدر شیخ فاروق یوسف ، نائب صدر عثمان رؤف ، فیڈمک بورڈ کے ڈائریکٹر وں اور دیگر سرکردہ صنعتکاروں نے بھی شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ ان اداروں کے منتظمین اور اساتذہ کو سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ویگن دینے کی تقریب خاموشی سے دینے کا خیال تھا تاہم بعد میں انہوں نے اس تقریب کا انعقاد فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ اس کے ذریعے دوسروں کو بھی خدمت خلق کے کاموں کی ترغیب دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی وجہ سے بروقت تعلیم حاصل نہ کرنے والے طلبہ اور طالبات کو 15 سال کی عمر کے بعد 2 سال میں میٹرک کرانا کسی معجزہ سے کم نہیں انہوں نے کہا کہ اس طریق کار کے ذریعے ان طلبا ء اور طالبات کو تاخیر کے باوجود عملی زندگی میں بروقت تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے برابر عملی زندگی میں یکساں مواقعے فراہم کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں پروفیسر مسعود کا جذبہ اور ایمانداری قابل تحسین ہے۔اقراء روضتہ الاطفال ٹرسٹ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ انہیں فیصل آباد میں اس سکول کی پہلی برانچ لانے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ یہ ٹرسٹ چھوٹی عمر کے بچوں کو قرآن حفظ کرانے کے بعد انکی میٹرک تک روایتی تعلیم کا اہتمام بھی کرتاہے جبکہ اب اس ٹرسٹ نے کراچی میں اپنا کالج اور یونیورسٹی بھی قائم کر لی ہے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے سسٹم فاؤنڈیشن اور اقراء روضۃ الاطفال ٹرسٹ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ ان کی وجہ سے بہت سے بچے معاشرے کا پیداواری حصہ بن کر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا معاشرے پر انتہائی مثبت اثر پڑتا ہے اور یہ نیک کام کرنے والے دراصل معاشرے کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخیر لوگوں کو اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے جبکہ وہ اپنی استعداد کے مطابق کسی ایک بچے کو سپانسر بھی کر سکتے ہیں۔سسٹم فاؤنڈیشن کا تعارف کراتے ہوئے پروفیسر مسعود نے بتایا کہ انہوں نے یہ پروگرام خود تیار کیا ہے جس کے تحت ناخواندہ بچوں کو 2 سال میں تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کا امتحان دینے کے قابل بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی پاکستان میں کوئی نظیر نہیں جبکہ اسوقت فیصل آباد میں اس طریق کار کے تحت 8 سنٹر چل رہے ہیں۔ اس میں پندرہ سال سے زائد عمر کے بچوں کو داخلہ دیا جاتا ہے اور ابتک اس طریق کار کے تحت دس ہزار سے زائد بچے میٹرک پاس کر چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس ہونے والے میٹرک کے امتحان میں فاؤنڈیشن کے بچوں کی کامیابی کا تناسب 96 فیصد ہوتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سنٹر میں 40 طالبعلم ہوتے ہیں جن کیلئے دو اساتذہ کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ اسطرح فیصل آباد میں اسوقت سولہ ٹیچر ہیں جن میں سے خاص طور پر خواتین ٹیچروں کو ایک سے دوسرے سنٹر جانے کیلئے مشکلات کا سامنا تھا ۔ انہوں نے اس بات کا ذکر میاں محمد ادریس سے کیا تو انہوں نے چند دنوں میں ہی یہ سوزوکی ویگن مہیا کر دی ۔ پروفیسر مسعود نے بتایا کہ ایس او ایس اور انجمن اسلامیہ میں بھی بڑی عمر کے بچوں کیلئے سکول قائم ہیں جنکو یونیفارم ، کتابیں اور ایڈمیشن فیس کے علاوہ پانچ سو روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جاتا ہے۔پروفیسر مسعود نے بتایا کہ میٹرک کرنے والے طلبہ کو آخری سال کے دوران مختلف قسم کے عملی ہنر بھی سکھائے جاتے ہیں ۔ تاکہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے لئے روزگار کا سلسلہ بھی شروع کر سکیں۔ اقراء روضتہ الاطفال ٹرسٹ کے مقامی ناظم عبدالحمید نے بتایا کہ کراچی سے پشاور تک اس ٹرسٹ کی دو سو برانچیں چل رہی ہیں جہاں بچوں کو قرآن حفظ کرنے کے بعد سکول اور کالج کی سطح تک کی تعلیم دی جاتی ہے جبکہ وہ علماء کا بھی کورس کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں اسکی 10 برانچیں قائم ہیں جہاں سے 800 طلبہ حافظ قرآن بن چکے ہیں جبکہ 1400 اب بھی زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سات سال کی ایک بچی نے دس ماہ میں قرآن پاک حفظ کیا ۔ ایک اور بچی نے 115 دنوں میں قرآن پاک حفظ کیا اور عالمی سطح پر قرآن پاک حفظ کرنے والوں میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس اعلیٰ کارکردگی پر اس بچی کو اپنے والدین کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کا پیکج بھی دیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان بھر میں اب بھی چھ ہزار بچے اور بچیاں حفظ قرآن کا امتحان دینے کو تیار ہیں۔ اس دوران سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی جس میں سابق صدر انجینئر رضوان اشرف اور دیگر شرکاء نے حصہ لیا۔ آخر میں سنیئر نائب صدر شیخ فاروق یوسف نے میاں محمد ادریس ان اداروں کے منتظمین اور دیگر حاضرین کا شکریہ ادا کیا جبکہ بعد میں میاں محمد ادریس اور صدر فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری شبیر حسین چاولہ نے دیگر ممبران کے ہمراہ سوزوکی ویگن کی چابیاں اور کاغذات متعلقہ اداروں کے منتظمین کو پیش کیں۔

عالمی تجارتی نمائش آٹومکینک میں پاکستانی پویلین قائم کیا جائے گا

پاکستانی نمائش کنندگان کو رعایتی نرخوں پر سٹالز فراہم کئے جائیں گے

اسلام آباد(آن لائن)ٹی دی اے پی کے زیر انتظام دبئی میں منعقد ہونے والی عالمی تجارتی نمائش آٹومکینیکا میں پاکستانی پویلین قائم کیا جائے گا۔ نمائش کا انعقاد یکم تا 3مئی 2018 کو ہو گا۔ ٹی ڈی اے پی کے حکام نے کہا ہے کہ پاکستانی نمائش کنندگان کو رعایتی نرخوں پر سٹالز فراہم کئے جائیں گے تاکہ قومی برآمدات کو فروغ دیاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ تین روزہ عالمی تجارتی نمائش میں شرکت سے آٹو پارٹس ، سسٹمز اور کاروں ، ٹرکوں کے پارٹس اور لبریکنٹس کی مصنوعات کی نمائش کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ نمائش میں دنیا بھر سے 24 سے زائد ممالک اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گے جن میں آسٹریلیا ، بیلجیم، برازیل، چین، مصر، فرانس، جرمنی، ہانگ کانگ، ہالینڈ، سنگاپور، سپین، تائیوان، تھائی لینڈ، ترکی، برطانیہ، امریکا ار ویتنام شامل ہیں۔

پاکستان کی تاجر برادری سی پیک منصوبے میں بھرپور شرکت یقینی بنائے ، سی پیک سے ان کو اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے

پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جناب یاؤ جنگ کی اسلام آبا د چیمبر کے وفد سے بات چیت

اسلام آباد 11 جنوری(اے پی پی) پاکستان میں تعینات چین کے نئے سفیر جناب یاؤ جنگ نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری سی پیک منصوبے میں بھرپور شرکت یقینی بنائے جس سے ان کو اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آبا د چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کی قیادت میں ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔ چین کے سفیر نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں اسپیشل اکنامک زون قائم کئے جائیں گے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا نجی شعبہ ان زونز میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کرے کیونکہ ان زونز میں ان کو کاروباری شراکتوں اور پارٹنرشپ کے بہت سے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے تیز رفتار اقتصادی ترقی حاصل کی ہے اور پاکستان چین کے ساتھ قریبی تعاون فروغ دے کر اور چین کے تجربے و مہارت سے فائدہ اٹھا کر اپنی معیشت کو بہتر فروغ دے سکتا ہے۔ یاؤ جنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کی باہمی تجارت زیادہ تر چین کے حق میں ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تاجر برادری چین کے ساتھ تجارت و برآمدات کومزید فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر چین اور پاکستان کے نجی شعبوں کے مابین مضبوط روابط کو فروغ دینے کی کوشش کریں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے یاؤ جنگ کو پاکستان میں چین کا سفیر تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور چین کے باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کا سفارتخانہ چین کی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ کے بارے میں معلومات چیمبرسے شیئر کرے تا کہ مقامی تاجر برادری چین کے ساتھ برآمدات کو فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کر سکے۔ شیخ عامر وحید نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کے بہتر معاشی مستقبل کیلئے ایک نئی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم منصوبے کے بارے میں نجی شعبہ کو تفصیلی معلومات فراہم کرنے کیلئے چین کا سفارتخانہ چیمبر میں سی پیک پر بریفنگ دے تا کہ مقامی تاجر برادری اس منصوبے میں پائے جانے والے کاروباری مواقعوں سے بہتر استفادہ حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کو ٹیکنالوجی کی منتقلی کرے اور اپنی مہارت شیئر کرے تا کہ پاکستان چین کے تعاون سے اپنی معیشت کو مضبوط کرنے کی طرف مثبت پیش رفت کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے بہت سے وفود سی پیک کی وجہ سے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک میں دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو مساوی مواقع فراہم کئے جائیں تا کہ دونوں ممالک کیلئے یہ منصوبہ فائدہ مند نتائج کا باعث ہو۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئرنائب صدر محمد نوید، نائب صدر نثار مرزا، محمد اعجاز عباسی، شعبان خالد، کریم عزیز ملک اور حامد وحید وفد میں شامل تھے۔

مزید : کامرس