رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن انٹرنیشنل ایوارڈ تقریب 20فروری کو دبئی میں ہو گی

لاہور(کامرس رپورٹر )رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (ریپ )کے زیر اہتمام 20فروری کو اپنے انٹر نیشنل بائرز( غیر ملکی خریدار وں) کی خدمات کو سراہنے کے لئے انٹر نیشنل بائرز ریکگنیشن ایوارڈ کی تقریب دوبئی میں منعقد ہورہی ہے جس میں دس انٹر نیشنل بائرز کو انکی خدما ت کے عوض گولڈ ٹرافی دی جائے گی ۔ جبکہ تیس پاکستانی رائس ایکسپورٹرزکو بھی چاول ایکسپورٹ کر نے کے حوالے سے کارکردگی ایوارد دئیے جائیں گے۔رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (ریپ )کے چیئرمین چوہدری سمیع اللہ اس امر کا اظہار گزشتہ روز ریپ کے آفس میں پریس کانفرنس کے دوران کیا جبکہ اس موقع پر پیر ناظم حسین شاہ ، حسیب خان اور سیکرٹری ریپ کاشف الرحمن بھی موجو د تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملکی حالات کے پیش نظر ایوارڈ تقریب دبئی میں منعقد کی جارہی ہے جیسے جیسے ملک کے حالات بہتر ہوں گے تو ہم کوشش کریں گے کہ یہ تقریب آئندہ پاکستان میں منعقد کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیرتجارت پرویز ملک ہوں گے ۔ تقریب میں شرکت کے لئے وزارت،ٹڈیپ سمیت تمام متعلقہ سرکاری اداروں کو دعوت نامے ارسال کر دئیے گئے ہیں ۔ دبئی میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر شرکت کریں گے ۔
اس کے علاوہ دبئی میں تعینات ممالک کے سفیروں کو بھی مدعو کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کا مقصد انٹر نیشنل بائرز کا خدمات کا اعتراف کرنا ہے تاکہ ان کا پاکستان پر اعتماد بڑھے ۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کی میزبان ملک کی صف اول کی کمپیئر سدرا اقبال ہوں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 20فروری کو تقریب منعقد کرنے کا مقصد یہ بھی ہے کہ 18فروری کو عالمی سطح کاگلف فوڈ فیسٹول منعقد ہوتا ہے جس مین دنیا بھر سے لوگ شرکت کرتے ہیں۔ اس موقع پر ہماری تقریب میں بھی وہاں شریک ہونے والے افراد شرکت کریں گے جس سے پاکستانی چاول کی مارکیٹنگ موثر انداز ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی حکومت سے سبسڈی یا مالی مدد نہیں مانگی اوراپنے وسائل سے اس طرح تقریبات کا انعقاد کیا ۔لیکن حکومت کو چاہیے کہ اس تقریب کو کامیاب کرنے کیلئے بھرپور مدد کرے اور جن سرکاری محکموں کو مدعو کیا ہے وہ ضرور شرکت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میں بھارتی ہائی کمشنرنے گلف فوڈ فیسٹول کے موقع پر ایک نائٹ منعقد کی جاتی یہ جس میں شرکت کرنے والے بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں اسی طرح کی تقریب منعقد کی درخواست پاکستانی ہائی کمشنر سے بھی کی ہے ۔ انہوں نے رضا مندی کا اظہار کیا ہے تاہم یہ تقریب کسی ہوٹل میں منعقد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان میں چاول کی پیداوار 70لاکھ ٹن متوقع ہے جس میں سے ہم 40لاکھ ٹن چاول برآمد کرکے 2.3ارب ڈالر کا خطیر زر مبادلہ حاصل کریں گے۔ گزشتہ سال پاکستان میں 65لاکھ ٹن چاول کی پیداوار ہوئی تھی جس میں سے34لاکھ ٹن چاول برآمد کر کے1.88ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا ۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...