سٹاک مارکیٹ ، ایک روزہ تیزی کے بعد مندا ، انڈیکس میں 235پوائنٹس کی کمی
کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ایک روزہ تیزی کے بعد کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کواتار چڑھاؤ کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای100 انڈیکس 43600،43500 اور43400کی نفسیاتی حدوں سے گرگیا،سرمایہ کاری مالیت میں 40ارب83کروڑ روپے سے زائدکی کمی ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت2.54 فیصدکم جبکہ56.95فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے ٹیلی کام،توانائی،سیمنٹ اور اسٹیل سمیت دیگر سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبارکاآغاز تقریباً200پوائنٹس کے اضافے سے ہوا،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 43824پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی دیکھا گیا تاہم قصورمیں سات سالہ معصوم بچی کے ساتھ زیادتی بعدازاں قتل کی لرزہ خیزواقعے کے باعث مقامی سرمایہ کارگروپوں نے اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی،جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ،ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس 43141پوائنٹس کی نچلی سطح پر ریکارڈ کیاگیاتاہم اتارچڑھاؤ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس235.47پوائنٹس کمی سے43395.28پوائنٹس پر بندہوا۔ مجموعی طور پر388کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے153 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ اضافہ،221 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ14 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں40ارب83 کروڑ35لاکھ2 ہزار428روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر90 کھرب4 ارب55 کروڑ62لاکھ 97ہزار791روپے ہوگئی۔ مجموعی طور پر31 کروڑ94 لاکھ51ہزار120 شیئرز کا کاروبار ہوا جو بدھ کی نسبت8لاکھ34ہزار710 شیئرزکم ہے۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے رفحان میظ کے حصص سرفہرست رہے، جس کے حصص کی قیمت269.00 روپے اضافے سے7200.00 روپے اور وائتھ پاک لمیٹڈکے حصص کی قیمت87.81 روپے اضافے سے1844.16 روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی شیلڈکارپوریشن کے حصص میں ریکارڈ کی گئی، جس کے حصص کی قیمت23.72 روپے کمی سے451.28 روپے اورشیزان انٹرنیشنل کے حصص کی قیمت17.00روپے کمی سے481.00 روپے ہوگئی۔ جمعرات کوورلڈکام ٹیلی کام کی سرگرمیاں2کروڑ5 لاکھ84 ہزارشیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں، جس کے شیئرز کی قیمت14پیسے کمی سے2.90 روپے اورسوئی سدرن گیس کی سرگرمیاں 1 کروڑ94لاکھ8 ہزارشیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت1.42روپے اضافے سے35.38 روپے پر بند ہوئی۔جمعرات کو کے ایس ای 30 انڈیکس135.01پوائنٹس کمی سے21900.20 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس504.37پوائنٹس کمی سے73130.53پوائنٹس اور کے ایس ایس آل شیئرز انڈیکس143.35 پوائنٹس کمی سے31291.75 پوائنٹس پر بند ہوا۔