توانائی بحران جلد ماضی کا قصہ بن جائے گا، خواجہ احمد حسان
لاہور(کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان نے لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے ملاقات میں کہا ہے کہ آج بجلی دستیابی کی صورتحال ماضی کی نسبت بہت بہتر ہے اور جلد ہی توانائی کا بحران ماضی کا قصہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی پیداوار کے منصوبے نہ صرف قلیل مدت میں مکمل کیے جارہے ہیں بلکہ ماضی کی نسبت ان کی لاگت پچاس فیصد تک کم بھی ہے ، اس کا سہرا وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے توانائی پیداوار کے منصوبوں کے متعلق چینی حکام سے مذاکرات میں ایک ایک روپے کی بچت کی۔ انہوں نے کہا کہ 1320میگاواٹ کا ساہیوال کول پلانٹ 24ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی انتھک کاوشوں اور سکیورٹی فورسز کے تعاون سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑا جارہا ہے ، ماضی میں کراچی جل رہا تھا لیکن آج یہ انجن آف گروتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے دنیا کو متوجہ کرتے ہیں، حکومت پنجاب عوام کو بہترین سفری سہولیات مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ آج کے دور میں کاروباری حوالے سے شہروں کو بھی آپس میں مسابقت کا سامنا ہے، 2017ء کی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی آبادی کا چھیاسٹھ فیصد حصہ دس شہروں میں رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دوسرا بڑا شہر اور کھربوں روپے کی معیشت کا حامل ہے، 2014-15ء میں اس کی معیشت کا کا حجم 1227ارب روپے اور پنجاب کی معیشت میں حصہ 18.9فیصد سے تجاوز کرگیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ٹریفک کا مسئلہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے لہذا مارکیٹوں اور ان کے گرد و نواح میں پارکنگ پلازے تعمیر کیے جائیں، مزید برآں شہر کے ڈرین سسٹم کو بھی بہتری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے خوش آئند مگر ان پر کام جلد مکمل ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے حکومت بہترین کوششیں کررہی ہیں مگر مزید اقدمات اٹھانے کی ضرورت ہے۔