لاہور لیڈز یونیورسٹی میں فاطمید فاونڈیشن کے زیر اہتمام بلڈڈونیشن کیمپ

لاہور لیڈز یونیورسٹی میں فاطمید فاونڈیشن کے زیر اہتمام بلڈڈونیشن کیمپ

لاہور (پ ر) لاہور لیڈز یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس کماہاں میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ آفیرزاور فاطمید فاونڈیشن کے زیر اہتمام بلڈڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں مختلف شعبہ جات کے طلباو طالبات نے بھر پور شرکت کی۔ کیمپ میں مہمان خصوصی وائس چانسلر ڈاکٹرمحمد رفیق بلوچ تھے جبکہ پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالمجید چیمہ اورڈائریکٹر سٹوڈنٹ آفیئرزتنویر عباس تابش نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹرمحمد رفیق بلوچ نے طلباو طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہمارا اخلاقی اور مذہبی فریضہ ہے۔علم ہمیں پیشہ ور اقدار ،دوسروں کا خیال کرنا اور معاشرتی ہم آہنگی پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرنے پر زور دیتا ہے۔ دینا بھر میں کام کرنے والی انسانی فلاح کی تنظیمیں ہمارے لئے ایک مثال کی مانند ہیں۔

ہمارا مذہب دین اسلام بھی ہمیں دوسروں کی مدد اور حقوق کا خیال رکھنے کی تلقین کرتا ہے۔ تنویر عباس تابش نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا ایک صحت مند فعل ہے۔ انسانی مدد کرنا اور جان بچانا اولین فریضہ ہے۔ زمانہ طالبعلمی سے ہی غریب اور مستحق افراد کی مدد کرنے کی عادت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے مذہب میں بھی اس فعل کی بار بار تلقین کی گئی ہے۔ ڈاکٹر عبدالمجید چیمہ نے اس موقع پر کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں کا جذبہ بھی رکھتے ہیں۔دین اسلام میں بھی ذکر ہے کہ ایک انسان کی جان بچانا گویا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد رفیق بلوچ نے بلڈ ڈونرز سٹوڈنٹس میں تعریفی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے ۔ڈینز و صدور شعبہ جات ڈاکٹر مجاہد منصوری، ڈاکٹر عزیز حیدر،ڈاکٹر محمود اظہر،ڈاکٹر طارق عزیز،ڈاکٹر ریاض قادر اور ڈاکٹر منظر عباس سمیت فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4