ٹرمپ کی خارجہ پالیسی اور پاکستان کیلئے مضمرات کے عنوان سے سیمینار

ٹرمپ کی خارجہ پالیسی اور پاکستان کیلئے مضمرات کے عنوان سے سیمینار

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام ٹرمپ کی خارجہ پالیسی اور پاکستان کے لئے مضمرات کے عنوان سے منعقدہ سیمینار کا انعقاد ارفع سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک لاہور میں ہوا۔نامور امریکی پروفیسر اور امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان سٹیڈیز کی صدر ڈاکٹر فرحت حق نے امریکی خارجہ پالیسی کے اہم پہلووں پر خصوصی لیکچر دیا جبکہ نظام الدین ، حسن امیرشاہ، ڈاکٹر روف اعظم، ڈاکٹر طلت افزا، سلیمان عابد، کامران اصدر علی اور اجمل جامی نے مباحثہ میں حصہ لیا۔اس موقع پر ڈاکٹر فرحت حق نے ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی پالیسی اس کے ذہنی خمار کی آکاس ہے۔ ٹرمپ سابقہ امریکی صدور سے حاسد ہیں اور ان کا رویہ اتحادیوں کے مابین تعلقات میں بگاڑ کا باعث بن رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی پالیسی کے اثرات کو موثر طور پر زیر بحث لانے کے لئے معاشرتی ماہرین اورپالیسی میکرز کو ایک جگہ اکھٹے کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر چئیرپرسن ڈاکٹر نظام الدین کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹرمپ کے بیانات پر جلد بازی کی بجائے دانشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔پاکستان اور امریکہ دونوں کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہیں۔دونوں لمبے عرصے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتحادی رہے ہیں۔اس لئے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی خارجہ پالیسی تشکیل دی جائے جس میں پاکستان کے مفادات کو نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے موثر خارجہ پالیسی کی تشکیل کے لئے امریکن انسٹیٹوٹ آف پاکستان سٹیڈیز کے ساتھ مل کر سنٹر فار ریسرچ اینڈ پالیسی ڈویلپمنٹ کے قیام کی تجوویز بھی دی۔اس موقع پروائس چانسلرحسن امیر شاہ کا کہنا تھا کہ امریکہ کے اندر پالیسی سازو ادارے اور عام لوگ ٹرمپ کی پاکستان بارے ہرزہ سرائی کو بلاجواز اور غیر مناسب سمجھتے ہیں۔سنئیر سیاسی تجزیہ کار سلمان عابد کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹرمپ کی پالیسی کا موثر جواب دینے کے لئے معاشی استحکام پر توجہ دینی چایئے اور سفارتکاری کو مضبوط کرنا چاہیے اور ہمسائیوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنا نا چائیے۔مباحثے میں دیگر مقررین جن میں وائس چانسلر ایجوکیشن یونیورسٹی ڈاکٹر روف اعظم،وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی بہاولپور ڈاکٹر طلت افزا، کامران اصدر علی، اجمل جامی ودیگر مقررین شامل تھے نے بھی اظہار خیال کیا۔مباحثے کا انعقاد پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کیا گیا جس میں جامعات کے ڈینز، سنئیر اساتذہ، پی ایچ ای سی افسران اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...