شاہد محمود ندیم کی کتاب ’’ انہی مائی دا سفنہ تے ہور ڈرامے ‘‘ کی افتتاحی تقریب

لاہور(فلم رپورٹر)اجوکا تھیٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور پاکستان کے نامور مصنف شاہد محمود ندیم کے تحریر کردہ ڈراموں پر مشتمل کتاب ’’ انہی مائی دا سفنہ تے ہور ڈرامے ‘‘ کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز الحمرا ہال نمبر 3میں سجائی گئی جس میں انسانی حقوق کے رہنما اور دانشور آئی اے رحمان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کتاب میں اجوکا تھیٹر کے تین مقبول پنجابی کھیلوں ’’ انہی مائی دا سفنہ ‘‘ ، ’’ بالا کنگ ‘‘ اور ’’ لو پھر بسنت آئی ‘‘ کے مکالمے اور سکرپٹ شامل ہیں۔ تقریب میں نامور تعلیمی اداروں میں درس و تدریس سے وابستہ سکالرز علی عثمان ، ڈاکٹر ثوبیہ مبارک اور سمیر افضل نے اجوکا تھیٹر کے سماجی مسائل اور تعمیری پہلوؤں کو اجاگر کرتے ڈراموں پر تحقیقی مقالے پڑھے ، جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ عطا ء محمد خان ، مدیحہ گوہر ، پروفیسر پیرن بوگا، حسن جعفر زیدی ، ولید اقبال اور شائستہ سراج الدین سمیت دیگرمقررین نے شاہد محمود ندیم کے انداز بیان اور موضوعات پر اظہار خیال کرتے ہوئے شاندارا نداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے دوران اجوکا کے مقبول ڈراموں برقعہ ویگنزا، ٹکے دا تماشا، کالا مینڈھا بھیس سمیت دیگر کے مقبول گیت فنکاروں نے سنا کر حاضرین کی داد سمیٹی جبکہ شاہد محمود ندیم کے تحریر کردہ ڈراموں کی پرفارمنسز پر مبنی ڈاکیومنٹری بھی شرکا کو دکھائی گئی۔شاہد محمود ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اجوکا تھیٹر نے اپنے ڈراموں سے ہمیشہ امن ، محبت اور سماجی بیداری کا پیغام اجاگر کیاہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

مزید : کلچر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...