5شہروں کیلئے سیوریج اور صاف پانی کا منصوبہ ، 600ملین ڈالر لاگت آئیگی

5شہروں کیلئے سیوریج اور صاف پانی کا منصوبہ ، 600ملین ڈالر لاگت آئیگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے ترقیاتی سکیموں کے بارے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کی اس موقع پر سیکر ٹری بلدیات راجہ شاہد نصر ، پروگرام ڈائریکٹر قیصر سلیم کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ بھر میں بلدیاتی نظام کے ذریعے ہر قسم کی سہولیات عوام کو ان کی دہلیز تک پہنچانے کو اپنی اولین ترجیحات بنائے ہوئے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے تعاون سے صوبہ کے پانچ بڑے شہروں ساہیوال، سیالکوٹ، رحیم یارخان، بہاولپور اور سرگودھا میں عوام کو سیوریج، واٹر سپلائی ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، ٹرانسپورٹ او رری ہیبلی ٹیشن کے بہترین معاملات کی فراہمی کے لئے 600ملین ڈالر کی خطیر رقم سے پراجیکٹ تیار کیا جا رہاہے۔ اس پورے عمل میں 500ملین ڈالر ایشین ڈویلپمنٹ بنک اور 100ملین ڈالر حکومت پنجاب فراہم کرے گی۔اس سلسلے میں پراجیکٹ پر عمل کا آغاز سیالکوٹ اور ساہیوال میں شروع کیاجائے گا۔انہو ں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سیالکوٹ اور ساہیوال میں شہری سہولیات جیسے پینے کے صاف پانی ، سیوریج کے نظام کی بحالی،صفائی کی سہولیات،پارکوں، گلیوں اور بس ٹرمینلز پر تمام سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے کام کیا جائے گا۔جبکہ دوسرے مرحلے میں رحیم یارخان، بہاولپور اور سرگودھا کو بھی شامل کر لیا جائے گا۔اس پراجیکٹ پر عمل در آمد ہونے کے بعدان شہروں میں عام لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ا نہوں نے بتا یا کیہ جلد ایشین ڈویلپمنٹ بنک کا وفد پنجاب کا دورہ کرے گا۔