صفائی کے ناقص انتظامات ، 10ہسپتالوں کے 52آپریشن تھیٹر بند ، 28کو نوٹس


لاہور (جنرل رپورٹر) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے شہر کے دس ہسپتالوں کے52آپریشن تھیٹرزمیں جراثیم سے پاک صفائی کے غیر تسلی بخش انتظامات ہونے پران تھیٹرز میں سرجری کی سہولیات معطل کردیں اور 28علاج گاہوں کو فراہمی صحت کی سہولیات کم سے کم معیارات پر عمل درآمد نہ کرنے پر نوٹس جاری کردیے۔ تفصیلات کے مطابق میوہسپتال کے 17،شالیمار ہسپتال کے 11 ، کشور فضل ٹیچنگ فیض پور انٹرچینج کے پانچ،داتا دربار وقف اور گورنمنٹ میا ں میر کے چار چار،لیڈی ایچی سن،ریڈ کریسنٹ کے تین ،الخدمت منصورہ،ٹی ایچ کیو رائیونڈ اور ثروت انور ہسپتال گارڈن ٹاؤن کے دو دو آپریشن تھیٹرز میں اس وقت تک ہر قسم کے آپریشن بند کرنے کا حکم دیا ہے جب تک معیار کے مطابق صفائی کے انتظامات یقینی نہیں بنالیے جاتے اوراس ضمن میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو لیبارٹری رپورٹ نہیں بھجوا دی جاتی۔ان تمام علاج گاہوں کو نوٹسز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔ کمیشن کی ٹیموں نے گزشتہ تین روز میں 33ہسپتالوں کی انسپیکشن کی۔جن ہسپتالوں کونوٹس جاری کئے گئے ہیں ان میں سر گنگارام،کوٹ خواجہ سعید، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ،انفیکشیس ڈزیزز(بلال گنج) ،نواز شریف سوشل سیکورٹی،پنجاب سوشل سیکورٹی مینجمنٹ کمپنی (ما نگا منڈی )اور میاں منشی شامل ہیں۔ دوسری جانب نجی ہسپتالوں میں صغری شفیع ٹیچنگ ہسپتال نارووال ، سرجی میڈ،ثریا عظیم وقف ،ممتاز بختاور رائیونڈاور وحدت روڈ، یو نائیٹڈ کرسچین،رحمت علی میموریل ٹرسٹ (ٹاؤن شپ)، رشید ہسپتال ڈی ایچ اے،پاکستان ادارہ بحالی معذوراں،سنٹرل پارک ٹیچنگ اورمفاض اتل حیات ہسپتال(فیروزپوروڈ) اور اے آر ہسپتال رحمن گارڈنزشامل ہیں۔ ان تما م علاج گاہوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہسپتالوں میں سہولیات کے کم سے کم معیارات پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی کمیٹی کے سامنے پیش ہوکرعمل درآمد نہ کرنے کابھی تحریری جواب دیں۔غیر تسلی بخش جواب کی صورت میں جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتاہے۔
ہیلتھ کمیشن

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...