اسلام خواتین کے تحفظ کا درس دیتا ہے،زاہد محمود قاسمی

اسلام خواتین کے تحفظ کا درس دیتا ہے،زاہد محمود قاسمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)معصوم بچیوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کوسر عام پھانسیاں دی جائیں۔ قصور میں ایک بچی کا نہیں پورے معاشرے کا قتل ہوا ہے۔ معصوم زینب کی زندگی سے کھیلنے والے وحشی درندوں کو سرعام پر تختہ دار پر لٹکایا جائے۔ اسلام خواتین کے تحفظ کا درس دیتا ہے۔ زینب کا قتل ناقابل معافی جرم ہے۔ مظلوم خاندان کو انصاف ملنا چاہئے۔ حکومت پنجاب انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے زینب کے سفاک قاتلوں کو تختہ دار پر لٹکائے۔ پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر آج(12جنوری بروز جمعہ) ملک بھر میں ’’بیٹی رحمت ہے زحمت نہیں ‘‘کے عنوان پر جمعہ کے خطبات دئیے جائیں گے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل لاہور کے زیر اہتمام معصوم بچی زینب کے وحشیانہ قتل کیخلاف پریس کلب لاہور کے باہر ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔ مظاہرے کی قیادت پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ،مولانا شعیب الرحمن ،حافظ محمد طیب قاسمی،مولانا محمد امجد،مولانا محمد مشتاق لاہوری،مولانا عبد اللہ قاسمی،مولانا عثمان فاروقی،حافظ سعید احمد میؤ،مولانا انتظار احمد عثمانی،مولانا عماد الدین ،مولانا ضیاء الرحمن فاروقی،مولانا طلحہ فاروقی،مولانا شفیق الرحمن نقشبندی ،حافظ احمد الحسینی ،طلحہ احمد خان ایڈووکیٹ،ذوہیب امین چشتی،چوہدری عمیر عبد اللہ ایڈووکیٹ ودیگر نے کی۔ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے زینب کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قصور میں معصوم بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل انتہائی شرمناک اور قابل مذمت فعل ہے ۔ اس گھناؤنے فعل کے مرتکب درندوں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے۔ معصوم بچی زینب کے قتل پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ زینب کا قتل درندگی کی بدترین مثال ہے۔ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مزیدکہا کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے جرائم اور بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے عوامی مقامات پر پھانسی گھاٹ بنائے جائیں ۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ محمد طیب قاسمی نے کہا کہ معصوم زینب کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان علماء کونسل سے منسلک علماء ،خطباء،آئمہ آج (12جنوری ) ملک بھر میں ’’بیٹی رحمت ہے زحمت نہیں ‘‘ کے عنوان پر جمعۃ المبارک کے خطبات دیں گے اور معصوم بچی زینب کے وحشیانہ قتل کیخلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔