نکاح رجسٹراران کی ٹریننگ

نکاح رجسٹراران کی ٹریننگ

لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین(پی سی ایس ڈبلیوPCSW) اورمحکمہ لوکل گورنمنٹ وکمیونٹی ڈیویلپمنٹ کے باہمی اشتراک سے منصوبہ’’ پنجاب میں نکاح رجسٹراران کی ٹریننگ‘‘ کے تحت ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلا ع ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن کے نکاح رجسٹرار، چیئرمین اور سیکرٹریز کی نکاح نامہ میں درست معلومات کا اندراج اور شادی کی رجسٹریشن کے مراحل کے حوالے سے تربیت مکمل ہوگئی۔اس ٹریننگ میں ساہیوال ڈویزن سے3208نکاح رجسٹرار،82 چیئرمین اور 323 یونین کونسل سیکرٹریزنے تشکیل کردہ 140 تربیتی نشستوں میں شرکت کی جو 21 دسمبر سے 10 جنوری تک جاری رہیں۔جہاں پر پی سی ایس ڈبلیو کے ماہرین تربیت نے ٹریننگ دی۔اس موقع پرچیئر پرسن پی سی ایس ڈبلیو فوزیہ وقار نے کہاکہ نکاح نامہ صنفی مساوات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے لہذٰا قوانین اور حقوق کی رو سے اسے کار آمد بنانے کی اشد ضرورت ہے اوراس سے تمام اسٹیک ہولڈرزکو بھی با اختیار بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کو کہا کہ نکاح رجسٹرار کی ذمہ داری بھی بڑھ جاتی ہے کہ وہ کسی کے بھی حقوق سلب نہ ہونے میں اپنا کلیدی اور فعال کردار کرے اور خصوصا عورت کے حقوق کی پاسداری میں اپنی ذمہ داری پوری کے اور یہی اس پروگرام کی بنیادی روح ہے۔ اس موقع پر پراجیکٹ منیجر شاہد اقبال نے منصوبے کے مقاصد اور اہداف سے متعلق تفصیل سے آگاہ بھی کیا۔ تربیت مختلف موضوعات پر مشتمل تھی جن میں بنیادی آئینی اور فیملی حقوق کا آپس میں تعلق،مسلم عائلی قوانین ترامیم کے ساتھ،کثیرالازواج، حق مہر،کم عمری کی شادی اورچائلڈ میرج ایکٹ، نکاح کی تنسیخ، طلاق، خلع ، طلاق کا حق تفویض کرنا،جبری نکاح، جائیداد اوروراثت کے مسائل کے ساتھ قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں سزاؤں سے آگاہی شامل تھی ۔واضح رہے کہ کمیشن نے تربیتی مراکز کے معائنے کے لیے معائنہ ٹیمیں تشکیل دیں جو کہ روزانہ کی بنیادوں پر تمام تربیتی نشستوں کی مانیٹرنگ کرتی رہیں اور اپنی رپورٹس مرتب کرتے رہے تاکہ تمام مراحل کو کار آمداور شفاف بنایا جا سکے۔علاوہ ازیں قبل وبعد از ٹریننگ ٹیسٹ بھی منعقد کروائے گئے تاکہ شرکاء کی نکاح کی شرائط، نکاح نامہ کو پر کروانے اور متعلقہ قوانین و حقوق کے حوالے سے معلومات جانچا جا سکے۔اس کے ساتھ ہی نکاح نامہ کو قوانین کے مطابق پر کرنے کی مشق بھی کروائی گئی۔شرکاء نے تربیت میں نہایت دلچسپی لی اور یقین دلایا کہ آئندہ نکاح نامہ کے حوالے سے تمام قوانین پر مکمل طور پر عمل کیا جائے گا۔ تمام حاضرین میں قوانین اورحقوق سے واقفیت حاصل کرنے کیلیے معاون کتابچہ بھی تقسیم کیاگیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1