ناقص تفتیش پر سیکرٹری ہیلتھ سمیت چیف ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی طلب
لاہور(نامہ نگار)ڈرگ ٹربیونل نے ناقص تفتیش کرنے اور اصل ملزم گرفتارنہ کرنے پر سیکرٹری ہیلتھ چیف ڈرگ کنٹرولر، تمام کوالٹی کنٹرول بورڈ کے سیکرٹری اور چیف ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو 25جنوری کو طلب کرلیاہے۔ڈرگ کورٹ کی چیئرپرسن عذرا پروین، ممبر ڈاکٹر محمد ذیشان دانش اور فاروق بشیر بٹ پر مشتمل ٹربیونل نے نشہ آور جعلی ادویات رکھنے کے کیس میں ایک مجرم آصف عرف ملنگی کو 2سال قید اور 55ہزارروپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے اپنے فیصلے میں لکھا کہ ناقص تفتیش اور قانونی نقائص کے باعث اصل ملزمان قانون کی گرفت سے بچ جاتے ہیں اور عام آدمی کو قربانی کا بکرا بنا دیا جاتا ہے عدالت نے اپنے حکم میں لکھا کہ ملزم سے جعلی ادویات برآمد کرلی گئی لیکن اْس شخص کو نہیں پکڑا جو یہ جعلی ادویات تیار کرتا تھا۔