حکومت عوام کو تعلیم،صحت دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، رفیق رجوانہ
لاہور( نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں چےئرپرسن نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ رزینہ عالم خان نے ملاقات کی اور ادارہ کی 2016-17ء کی کارگردگی رپورٹ پیش کی۔گورنر پنجاب نے این سی ایچ ڈی کی ملک بھر میں تعلیم کے شعبہ میں خدمات کو سراہا اور اسے تعلیمی میدان میں نیک شگون قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو تعلیم،صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کی خاطر دن رات کوشاں ہے۔ ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے نئی یونیورسٹیاں قائم کی جا رہی ہیں جبکہ انرولمنٹ میں اضافے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔گورنر نے کہا کہ قوموں کی برادری میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لئے لازم ہے کہ ہر شعبہ زندگی میں آگے بڑھنے کی جستجو کی جائے تاکہ ہماری اعلیٰ کارکردگی سے ملک کا وقار بلند ہو، اجتماعی ترقی کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے اور فروغ تعلیم سے ہی غربت، جہالت، بے روزگاری، پس ماندگی اور دیگر مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر رازینہ عالم خان نے بتایا کہ این سی ایچ ڈی ملک بھر کے 115اضلاع میں کا م کر رہی ہے،ملک میں 6000فیڈرسکول اور 6000عملی خواندگی کے مراکزقائم کئے گئے ہیں، عملی خواندگی کے مراکز میں زیادہ تر خواتین کو سکلز سکھائی جائیں گی جس سے غربت میں کمی آئے گی۔ رازینہ عالم خان نے بتایا کہ اسلام آباد میں نیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ فار لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن قائم کیا گیا ہے،اگلے مرحلے میں اس کی شاخیں صوبوں میں بھی قائم کی جائیں گی۔دریں اثناء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی لاہور (پنجاب) کے وفد نے صدر محمد مبین خان کی قیادت میں ملاقات کی۔وفد نے گورنر پنجاب کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر نے یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔
رفیق رجوانہ