4برس کے دوران قومی پیداوار میں اضافہ ، بد عنوانی میں کمی ہوئی : ممنون حسین


اسلام آباد (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ چند برسوں کے دوران قومی پیداوار میں شاندار اضافہ ہوا ہے جس سے معیشت بہتر ہوئی۔ پالیسیوں میں تسلسل کے ذریعے قومی آمدنی اور ترقی کی رفتار میں مزید اضافے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں پاکستان کی صنعتی و تجارتی برادری سمیت تمام طبقات کو اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہیے۔صدر مملکت نے یہ بات راولپنڈی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے چیمبر کے صدر زاہد لطیف خان کی قیادت میں ان سے ملاقات کی،اس موقع پر ایوان صدر اور وزارت تجارت کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ قومی معیشت کے استحکام کے لیے معاشی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں ہیں لیکن اس سلسلے میں ملک کی تاجر اور صنعت کا ر برادری کو وزارت تجارت سے مسلسل رابطے میں رہنا چاہیے تاکہ پالیسیوں میں مزید بہتر لائی جا سکے یہ امر باعث اطمینان ہے کہ موجودہ حکومت اسی حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔ صنعت وتجارت اور معاشی شعبے پر اس کے اثرات مثبت ہو ں گے۔ انھوں نے ٹیکس کی شرح میں کمی کے فیصلے کو معیشت کی بہتر ی کے لیے مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قومی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ گزشتہ چار برس کے دوران بد عنوانی میں کمی ہوئی ہے جس کے مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو چکا ہے ، لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا جا چکا ہے جس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی بھی کی جائے گی۔ توانائی کی پیداوار کے سلسلے میں ایل این جی کی درآمد سے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ چیمبرز آف کامرس اور دیگر تجارتی اداروں کو چاہیے کہ وہ مختلف شعبوں میں تحقیق کو فروغ دیں تاکہ دنیا میں پیدا ہونے والے رجحات کا جائزہ لے کر قومی صنعت و تجارت کے لیے نئی راہوں کا تعین کر سکے۔ محض ذاتی اور سیاسی اختلاف کی وجہ سے ترقیاتی عمل سے اختلاف اور کامیابیوں کا انکار نا مناسب ہے۔ معاشرے کے مختلف طبقوں کو اس کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے تاکہ ملک میں ترقی رفتار تیز ہو سکے۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...