’’چابہار‘‘ کی ترقی و توسیع سے بھارت کو بھرپور فائد ہ پہنچے گا، نیتن گڈکری

’’چابہار‘‘ کی ترقی و توسیع سے بھارت کو بھرپور فائد ہ پہنچے گا، نیتن گڈکری

نئی دہلی (صباح نیوز) بھارت کے وزیر ٹرانسپورٹ نے ایران کی بندرگاہ چابہار کی ترقی و توسیع کو دونوں ملکوں کے درمیان اہم ترین اقتصادی منصوبہ قرار دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق بھارت کے وزیر ٹرانسپورٹ نیتن گڈکری نے نئی دہلی میں ہندوستان ایران تجارتی تعاون اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاجسٹک لحاظ سے جنوب مشرقی ایران کی بندرگاہ چابہار کا ترقیاتی منصوبہ انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے بھارت اور ایران دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔ بھارتی وزیر ٹرانسپورٹ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں بے انتہا دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی حکومت بھارتی سرمایہ کاروں کو ایران اور خاص طور سے چابہار کی بندرگاہ میں سرمایہ کاری کی ترغیب دلا رہی ہے۔دوسری جانب ایران میں متعین بھارت کے سفیر نے کہا ہے کہ ان کا ملک چابہار زاہدان ریلوے لائن منصوبے پر عملدآمد کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے چابہار کے ترقیاتی منصوبے میں بھارت اور ایران کے درمیان جاری تعاون کے بارے میں کہا کہ اس منصوبے میں اب تک اچھی پیشرفت ہوئی ہے جو قابل اطمینان ہے۔ ہندوستان کے دورے پر گئے ایران کے وزیرشہری ترقیاتی امور اور ٹرانسپورٹ عباس آخوندی نے بھی اس موقع پر کہا کہ دوہزار اٹھارہ میں مختلف کوریڈورز میں تجارت کو فروغ ملے گا انہوں نے کہا کہ کوریڈورز کے توسیعی منصوبے کی تکمیل سے مختلف ممالک منجملہ ہندوستان کی روس اور دیگر یورپی ملکوں تک رسائی آسان ہوجائیگی -

نیتن گڈکری

مزید : صفحہ آخر