سیاسی وفاداری تبدیل ، ڈپٹی مئیر کراچی کو جواب داخل کرانے کی مزید مہلت

سیاسی وفاداری تبدیل ، ڈپٹی مئیر کراچی کو جواب داخل کرانے کی مزید مہلت

اسلام آباد (آئی این پی) الیکشن کمیشن نے سیاسی وفاداری تبدیل کرنے کے کیس میں ڈپٹی مئیر کراچی ارشد ووہرہ کو جواب داخل کرانے کے لئے مزید مہلت دیتے ہوئے سماعت 23 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق سیاسی وفاداری تبدیل کرنے پر ڈپٹی مئیر کراچی ارشد ووہرہ کیخلاف نا اہلی کی درخواست پر الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی،چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی زیر صدارت چار رکنی بینچ نے سماعت کی۔فاروق ستار کی جانب سے بیرسٹر سیف اور اقبال قادری ایڈووکیٹ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ ارشد ووہرہ کی جانب سے وکیل حفیظ الدین پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز پر ہی ارشد و وہرہ کے وکیل حفیظ الدین نے موقف اختیار کیا کہ آج وہ جواب جمع کرانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، مزید وقت دیا جائے، جس پر درخواست گزار کے وکیل ایس اقبال قادری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہمیں اگلی سماعت سے پہلے جواب چاہیئے تاکہ دلائل کی تیاری کرسکیں۔درخواست گزار کے وکلا کی جانب سے رضامندی کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے ارشد ووہرہ کو مزید مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 23جنوری تک ملتوی کردی ہے۔سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ارشد ووہرا کے وکیل حفیظ الدین کا کہنا تھا کہ ہم نے جو دستاویزات مانگیں وہ تاخیر سے ملیں، معاملہ سادہ ہے ایم کیو ایم پاکستان نے غیر قانونی ترامیم کیں ،جس پر آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کا اطلاق ہونا چاہیے ۔فاروق ستار کے وکیل بیرسٹر سیف نے وکیل صفائی کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ارشد ووہرہ کی مہلت کی استدعا کی حمایت کی تاکہ اگلی پیشی پر بہانہ نہ ملے، جس ایم کیو ایم پر ارشد وہرہ تنقید کررہے ہیں، اسی کے ٹکٹ پر وہ ڈپٹی مئیر بنے، آرٹیکل 62 اور 63 تو ان پر بنتا ہے۔بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ جو دستاویزات ارشد وہرا کو چاہیئے وہ سب الیشن کمیشن میں موجود ہیں، 23جنوری کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

مہلت

مزید : صفحہ آخر