قصور واقعہ ، آئی جی پنجاب نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی

قصور واقعہ ، آئی جی پنجاب نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی

اسلام آباد (آئی این پی) انسپکٹر جنرل پنجاب نے قصور واقعے کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔ آئی جی پنجاب نے قصور واقعے کی رپورٹ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم کو پکڑنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں جبکہ تحقیقات کی نگرانی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کررہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمرے کی ویڈیو کوالٹی اچھی نہیں ہے اس لئے حاصل کردہ ویڈیو سے ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ویڈیو کوالٹی بہتر بنانے کیلئے پنجاب فرانزک لیب کو کہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 227 مشتبہ افراد سے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ مشتبہ شخص کا خاکہ بھی تیار کیا گیا ہے۔ عینی شاہد کی مدد سے گھر گھر تلاشی جاری ہے۔ 67 مشتبہ افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے کا جیو فینسنگ ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے لہٰذاملزمان تک پہنچنے کیلئے موبائل ڈیٹا سے مدد بھی لی جارہی ہے۔

آئی جی رپورٹ

مزید : صفحہ اول