230وائے بلاک ڈیفنس کے گیسٹ ہاؤس میں عمران خان کی شادی انجام پائی


لاہور(عثمان تنویر228امجد بخاری) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی کی خبر نئے سال کے آغاز پر پوری شد و مد کے ساتھ میڈیاکی زینت بنی تاہم تحریک انصاف کے رہنماؤں نے نہ صرف اس کی تردید کی بلکہ عمران خان نے بھی تین روز بعد تردید کی ، بشریٰ بی بی کو شادی کا پیغام بجھوانے کا اعتراف کیا اور ساتھ ہی خبر دینے والے بڑے میڈیا گروپ پر شدید تنقید کی تاہم اب تیسری شادی کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں ،عمران خان کی نہ صرف تیسری شادی ہو چکی ہے بلکہ نکاح خواں ،گواہان اور اس شادی کی تقریب میں شریک تمام مہمانوں کے بارے میں بھی مصدقہ معلومات حاصل کر لی گئیں ہیں ، اس مرتبہ پھر اس ’’خفیہ شادی ‘‘ کے حوالے سے عمران خان کے انکار کے دعوے بھی باطل ثابت ہوئے ہیں۔تحریک انصاف کے قریبی اور ذمہ دار ذرائع کے مطابق عمران خان کی پاکپتن کی رہائشی خاتون بشریٰ بی بی سے نئے سال کے آغاز میں 230 وائے بلاک ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے ایک محل نما گیسٹ ہاؤس میں شادی کی انتہائی سادہ تقریب منعقد ہوئی ، یہ تقریب جہاں منعقد ہوئی وہ عبد العلیم خان کے قریبی ساتھی اور گلبر گ ٹاؤن کے سابق ناظم فراز احمد چوہدری کا گیسٹ ہاؤ س ہے ،شادی کی اس تقریب میں دلہا کی طرف سے عمران خان کے پرسنل سیکرٹری عون چوہدری ،سابق ٹاؤن ناظم گلبرگ ٹاؤن فراز احمد چوہدری ،مشہور پراپرٹی ٹائیکون اور ڈاکٹر طاہر القادری کے انتہائی قریبی ساتھی میاں زاہد اسلام بھی شامل ہوئے جبکہ دلہن (بشری بی بی ) کے ہمراہ دو خواتین اور ایک مرد خفیہ شادی کی اس تقریب میں شریک تھے، نکاح میں حق مہر کی رقم 4 لاکھ سے زائد اور پانچ لاکھ روپے سے کم مقرر کی گئیاور نکاح مفتی محمد سعید نے پڑھایا۔ نکاح کے موقع پر نکاح فارم پر دولہا ،دلہن سمیت مفتی سعید ،عون چوہدری ،فراز چوہدری ،میاں زاہد اسلام اور دو دیگر افراد نے دستخط بھی کئے۔ مٹھائی ،کیک اور کھانے پینے کی دیگر چیزیں عمران خان کے پرسنل سیکرٹری عون چوہدری کی گارڈن ٹاؤن میں بنائی گئی مشہور کافی شاپ ’’ گلوریا جینز ‘‘ جس کا اسی روز افتتاح عمران خان، نیشاہ ،محمود قریشی ،جہانگیر ترین اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کیا تھا وہاں سے منگوائی گئی اور مہمانوں کی پر تکلف کھانوں سے تواضع کی گئی۔اس تقریب سے نعیم الحق کو دانستہ لاعلم رکھا گیا اور ان کے کانوں میں اس کی بھنک بھی نہ پڑی جبکہ عبد العلیم خان نے اسی روز عمرے پر جانا تھا اس وجہ سے وہ اس تقریب میں شریک نہ ہوئے تاہم انہیں اس کانہ صر ف علم تھا بلکہ فراز چوہدری نے بخیر خوبی نیک کام انجام پانے پر نہ صرف عبد العلیم خان کو ٹیلی فون پر آگاہ کیا بلکہ ان کی عمران خان سے بات بھی کروائی گئی جنہوں نے کپتان کو شاندار ہیڑک کرنے پر مبارکباد دی۔ اس حوالے سے جب تقریب کے میزبان فراز احمد چوہدری سے رابطہ کیا گیا تو ان کے موبائل کی گھنٹیاں بجتی رہیں تاہم انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔
عمران کی شادی

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...