سلامتی کے مشترکہ مفادات میں تعاون علاقائی اور عالمی سلامتی کیلئے ناگزیر : امریکہ
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں تعینات امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا ہے کہ سلامتی کے مشترکہ مفادات میں تعاون علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ وہ گزشتہ روز یہاں کیمیائی ہتھیاروں کے انسداد کے ادارے اور کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن کے 21 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ہونے والی دوروزہ کیمیکل سکیورٹی اینڈ سیفٹی ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کررہے تھے ۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ یہ کنونشن کیمیا ئی اور دیگر خطرناک مواد سے نمٹنے کے دوران تحفظ وسلامتی کے جدید طریقے وضع کرنے کا لائحہ عمل پیش کرتا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کیمیکل سکیورٹی پروگرام امریکہ کے عدم پھیلاؤکی عالمی کوششوں کا حصہ ہے ٗ یہ ہماری اس سوچ کا بھی عکاس ہے کہ سلامتی کے مشترکہ مفادات میں تعاون علاقائی اور عالمی سلامتی کیلئے ناگزیر ہے۔ ورکشاپ امریکی محکمہ خارجہ کے کیمیکل سکیورٹی پروگرام اور پاکستان کے نیشنل اتھارٹی اینڈ ڈس آرمامنٹ ڈویژن (وزارت خارجہ امور) کے زیر اہتمام منعقد کی گئی۔