ترقی کے دوڑ میں شرکت کیلئے نوجوان نسل کا با مقصد تعلیم انتہائی ناگزیر ہے : مظفر سیدایڈوکیٹ

ترقی کے دوڑ میں شرکت کیلئے نوجوان نسل کا با مقصد تعلیم انتہائی ناگزیر ہے : ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ دنیا کیساتھ ترقی کے دوڑ میں نمایاں مقام حاصل کرنے کیلئے ہماری نئی نسل کو جدید اور با مقصد تعلیم کا حصول انتہائی ضروری ہے اور اس سلسلے میں طلبہ ، اساتذہ کرام اور والدین کا یکساں طور پر اپنی اپنی جگہ اہم کردار بنتا ہے۔دین اسلام بھی حصول علم و تعلیم کا درس دیا ہے اور اسلامی تاریخ گواہ ہے کہ مسلمانوں نے تعلیم و تربیت میں معراج پا کر ہر شعبے میں سر بلند ی اور ترقی حاصل کی لیکن آج علم سے دوری کی وجہ سے دیگر اقوام مسلمانوں سے آگے نکل گئے لہٰذا ہماری نئی نسل کو اپنی تمام تر توجہ تعلیم کے حصول پر مرکوز کرنی چاہیے تا کہ ہم اقوام عالم میں اپنا ایک نمایاں اور پروقار مقام حاصل کر سکیں۔ موجودہ صوبائی حکومت نے اپنی تمام تر توجہ تعلیم کے فروغ پر مرکوز کر رکھی ہے او یہی وجہ ہے کہ صوبہ بھر میں تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کیا اور میرٹ پر اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کو بھرتی کیا جبکہ سکولوں میں درکار سہولیات کی فراہمی کو بھی تیزی کیساتھ پورا کیا جا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دیر پائیں کے یونین کونسل رباط میں نجی تعلیمی ادارے رباط پبلک سکول میں سالانہ یوم والدین کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا جس میں طلبہ، اساتذہ کرام اور والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ قوموں کی ترقی و خوشحالی تعلیم کے بغیر ممکن نہیں اور ہم سب کو من حیث القوم اس سلسلے میں اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ اگر معاشرے کا ہر فرد اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں تو مستقبل میں ہمارے بچے ذمہ دار شہری بن کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے نمایاں کردار ادار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں حصول تعلیم کا مقصد تعمیر انسانی ہونا چاہیے جبکہ اساتذہ کرام کو درس و تدریس میں اخلاقیات پر بھی خاص توجہ دینی چاہیےے اور اگر ہم نے یہ اصول اپنایا تو ہم نئی نسل کو مستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے بہتر انداز میں تیار کر سکیں گے۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو بیدار کرنے اور انکی شعور و ادراک، علم و آگہی اور فکر و نظر کی رہنمائی میں کردار ادا کریں کیونکہ ہمارے بچے فطری طور پر ذہین ہیں مگر انکی تھوڑی سی رہنمائی درکار ہوتی ہے۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر دیر پائیں میں موجودہ حکومت کے شروع کردہ منصوبوں کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششو ں سے 70 کروڑ کی لاگت پر مبنی تالاش بائی پاس کے منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں ٹریفک جام کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا جبکہ رسکیو 1122 ، تیمر گرہ میڈیکل کالج اور کوٹوہائیڈل پراجیکٹ جیسے بڑے منصوبوں سے علاقے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے اس موقع پر رباط پبلک سکول کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر نجی شعبے میں تعلیم کی فراہمی میں مذکورہ تعلیمی ادارے کا اہم کردار ہے اور رباط پبلک سکول سے فارغ التحصیل بیشتر طلبہ میڈیکل اور انجینئرنگ کالجز میں داخلہ حاصل کر چکے ہیں اور ادارہ ھذا اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...