کوہاٹ ،پولیو مہم میں غفلت برتنے پر دو اساتذہ کی تنخواہ سے کٹوتی
پشاور( سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس نے متعلقہ حکام کوسختی سے ہدایت کی ہے کہ پولیو ڈیوٹی میں غفلت برتنے اور ٹریننگ سے غیرحاضری پر گورنمنٹ پرائمر ی سکول جنگل خیل نمبر 4کے 2اساتذہ سے تنخواہ کی کٹوتی اورانہیں فائنل وارننگ بھی جاری کریں اور دوبارہ غفلت پر ضلع بدرکریں۔انہوں نے واضح کیا کہ پولیو میں بہتر کارکردگی پر انعامات جبکہ بری کارکردگی پر کارروائی ہوگی۔یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں پولیو ریڈینس میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آئندہ پولیو مہم میں مس چلڈرن برداشت نہیں کریں گے اور جس علاقے سے مس چلڈرن رپورٹ ہوں گے تو اس کے ایریا انچارج کے خلاف کارروائی ہوگی۔یاد رہے کہ گزشتہ مہم میں جرما،چورلکی اور بہادرکوٹ سے مس چلڈرن رپورٹ ہوئے تھے جس کا ڈپٹی کمشنر نے سخت نوٹس لیااور ڈی ایچ او کو سختی سے ہدایت کی کہ یہ سلسلہ فوری طور پر ختم ہوناچاہئے اور غفلت برتنے پر ضلع بدری سمیت سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر آفیسر سطح پر بھی غفلت ہوگی تو کارروائی گریز نہیں کروں گا کیونکہ پولیو قومی کاز ہے اور اس پر کسی صورت سمجھو تہ ممکن نہیں۔