سرکاری املاک یا جائیداد پر کسی کو قابض نہیں ہونے دیا جائیگا : عنا یت اللہ
پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے محکمہ بلدیات کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ قومی وسائل کے ضیاع کو روکیں اور سرکاری جائیداد و املاک پر کسی کو کسی بھی قیمت پر قابض نہ ہونے دیں علاوہ ازیں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کیلئے با اثر شخصیات کی پرواہ کئے بغیر موثر اقدامات اٹھائیں اور قانون کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف سخت کاروائی کریں۔ سینئر وزیر نے سرکاری جائیداد ، املاک واگزار کی گئی اراضی کا درست ریکارڈ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کے روزرنگ روڈ حیات آباد پشاور پر ناجائز تجاوزات کے خلاف کاروائی کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے دیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ بحیثیت سرکاری مشینری یہ ہماری زمہ داری بنتی ہے کہ ہم قبضہ مافیا کی سرگرمیوں اور منفی رجحان کو سختی کے ساتھ کچلیں۔ انہوں نے کہا اگر قبضہ مافیا کا راستہ نہ روکا گیا تو یہ قومی امانت میں خیانت کے مترادف ہوگااور صوبے کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ انہوں نے نا جائز تجاوزات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بھی قبضہ مافیا کی ایک قسم ہے لہٰذاناجائز تجاوزات کے خاتمے میں سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پورے صوبے میں بلا امتیاز بھر پور کاروائی کی جائے گی ۔ وزیر بلدیات نے عوام سے کہا کہ بلڈنگ بائی لاز کے مطابق نقشہ پاس کراکے عمارتیں تعمیر کرنی چاہیے تاکہ قانون اور ضوابط کی پابندی یقنی ہو سکے۔