وزارت مذہبی امور نے حج درخواستیں وصول کرنیوالے بنکوں کی تعداد بڑھا دی

وزارت مذہبی امور نے حج درخواستیں وصول کرنیوالے بنکوں کی تعداد بڑھا دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان(سٹی رپورٹر) وزارت مذہبی امور نے حج درخواستوں کی وصولی کرنے والے بینکوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے، 13 بنکوں کو حج درخواستیں جمع کرنے کا مجاز قرار دے دیا گیا۔ حج پالیسی کے اعلان کے ساتھ ہی زیادہ سے زیادہ حج درخواستوں کی وصولی کے لئے بینکوں نے مہم کا آغاز کر دیا ہے(بقیہ نمبر55صفحہ12پر )
، بینکوں کے باہر بینر آویزاں کر دئیے گئے جبکہ میڈیا اور ایس ایم ایس کے ذریعے مشتہر کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزارت کی جانب سے 10 بینکوں کو حج درخواستوں کی وصولی کی اجازت تھی جبکہ اس سال 13 بینکوں کو درخواستوں کی وصولی کا مجاذ قرار دیا گیا ہے۔ ان بینکوں میں حبیب بینک، یونائیٹڈ بنک، نیشنل بنک، ایم سی بی، الائیڈ بنک، زرعی ترقیاتی بنک، بینک الفلاح، میزان بنک، بینک آف پنجاب اور حبیب میٹروپولیٹن بنک، دبئی اسلامک بنک، فیصل بنک اور عسکری بنک شامل ہیں۔ واضح رہے کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ حج پالیسی کے مطابق سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستیں 15 جنوری سے 24 جنوری تک وصول کی جائیں گی۔ قرعہ اندازی 26 جنوری کو ہو گی۔ حج 2018ء کے سلسلہ میں پاکستان کاحج کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار 2 سو 10 مقرر کیا گیا ہے۔ شمالی ریجن (پنجاب اور خیبر پختونخواہ) سے حج درخواستیں جمع کرانے والے افراد 2 لاکھ 80 ہزار جبکہ جنوبی ریجن (سندھ اور بلوچستان) سے درخواستیں جمع کرانے والے افراد 2 لاکھ 70 ہزار جمع کرائیں گے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق قربانی کے 13 ہزار 50 روپے اس حج پیکج کے علاوہ جمع کرانا ہوں گے۔