احمد آباد ائر پورٹ پر ”پاگل “ گائے نے حکام کی دوڑیں لگوا دیں ، فلائٹ شیڈول متاثر ، ایمرجنسی نافذ
احمد آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت میں ائرپورٹ سیکورٹی کے نام پر اربوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں مگر ایک گائے نے ائرپورٹ حکام کو تگنی کا ناچ نچا دیا ،رن وے پر گائے کے آجانے کی وجہ سے دو پروازوں کو احمد آباد سے ممبئی بھیج دیا گیا جبکہ دیگر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ، اس واقعے کے دوران ائرپورٹ پر ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی تھی۔
ائرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق صبح3بجے ایک گائے کارگو ٹرمینل سے ائرپورٹ میں گھسی اور آپریشنل ایریا تک پہنچ گئی ، گائے بالکل پاگل ہو چکی تھی ، اس نے رن وے پر بھاگنا شروع کردیا ۔ گائے ائرپورٹ کے رن وے پر 90منٹ تک رہی اور اس کو وہاں سے ہٹانے کے لئے سنٹرل انڈسٹریل فورس گارڈ اور ایئر پورٹ سیکورٹی سٹاف کے متعدد اہلکاروں نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا ۔ بعد ازاں گائے کو چاروں طرف سے گھیر کر ائرپورٹ سے نکالا گیا مگر اس دوران دو پروازوں کو احمد آباد میں لینڈنگ کی اجازت نہیں ملی جس کے باعث پروازیں ممبئی کی جانب روانہ کردی گئیں ، اس کے علاوہ دیگر پروازوں کا فلائٹ شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اگلے ہفتے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو بھارت کا دورہ کر رہے ہیں اور گائے کے واقعے نے بھارتی ائرپورٹ کی سیکورٹی پر سوالیہ نشان کھڑے کردئیے ہیں ، بھارتی ائرپورٹ سٹاف کے مطابق وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔