ہنگاموں سے نقصان کے ازالے کیلئے ازخودنوٹس کیس،سپریم کورٹ کا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ایک ماہ میں متاثرین کو ادائیگیوں کا حکم
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان نے ہنگاموں سے ہونے والے نقصان کے ازالے کیلئے ازخودنوٹس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ایک ماہ میں متاثرین کو ادائیگیوں کا حکم دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا، چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہے کہ ایک ماہ میں مکمل ادائیگیاں کرکے رپورٹ جمع کرائیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے ہنگاموں سے ہونیوالے نقصان کے ازالے کیلئے ازخودنوٹس کیس کی سماعت کی ،محکمہ داخلہ پنجاب، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ بتایاجائے ادائیگیاں کب اورکیسے ہوں گی؟ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایاکہ ہنگاموں کے دوران نقصانات کاتخمینہ 262ملین لگایاگیاہے،کابینہ نے اس تخمینے کی منظوری دےدی،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ادائیگی کیلئے پلان مرتب کیایاکاغذی کارروائی ہے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اگرعدالت حکم نہ دیتی تویہ پلان بھی نہ آتا،ڈھائی ماہ گزرگئے لیکن ادائیگی کاپلان نہیں دیاگیا،سیکشن افسر محکمہ داخلہ نے کہا کہ اسی ماہ ادائیگیاں کردیں گے۔
عدالت کاوفاقی وصوبائی حکومتوں کوایک ماہ میں متاثرین کوادائیگیوں کاحکم دیدیا چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہے کہ ایک ماہ میں مکمل ادائیگیاں کرکے رپورٹ جمع کرائیں۔
واضح رہے کہ آسیہ بی بی کی رہائی کیخلاف مذہبی جماعتوں کی جانب سے دیئے گئے دھرنے میں شہریوں کی پراپرٹیز کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔