خرابی صحت کی خبریں قابل تشویش،نوازشریف کو انتقام کا نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے:وزیراعظم آزادکشمیر
مظفرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ نوازشریف پاکستان کے تین دفعہ منتخب وزیراعظم اورکروڑوں عوام کے مسلمہ قائد ہیں، انہیں انتقام کا نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔
نواز شریف کی خرابی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ جیل حکام سابق وزیراعظم کو فوری ریلیف فراہم کریں،کشمیریوں کو نواز شریف کی صحت سے متعلق خبروں پر سخت تشویش ہے، ان کی صحت پہلے ہی ٹھیک نہیں، نواز شریف تک ڈاکٹروں کو فوری رسائی دی جائے،نوازشریف نے آزادکشمیرکے شہریوں پرجواحسانات کیے انہیں کبھی نہیں بھولیں گے ۔راجہ فاروق حیدرخان نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہے کہ انہیں ذاتی معالج تک رسائی نہیں دی جارہی، نواز شریف اس ملک کے مسلمہ لیڈر ہیں،محسن پاکستان نواز شریف کو بہترین طبی سہولتوں کی عدم فراہمی افسوسناک ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حالات خواہ جیسے بھی ہوں وہ اوران کی جماعت اپنے قائد کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے، احسان فراموشی ہمارے خون میں نہیں،نوازشریف نے بطوروزیراعظم ستر سالوں میں پہلی بار آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کیا ، وہ واحد وزیراعظم تھے جنہوں نے آزادکشمیر کےسب سے زیادہ دورے کیے،انہوں نے اقوام متحدہ میں تقریر سے قبل مظفرآباد میں تمام کشمیری قیادت سے مشاورت کی۔