حکومت معاشی ترقی کیلئے چھوٹی انڈسٹری کی سرپرستی کرے انجمن تاجران

حکومت معاشی ترقی کیلئے چھوٹی انڈسٹری کی سرپرستی کرے انجمن تاجران

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت معیشت میں کردار ادا کرنے والے تمام اسٹیک ہولڈرز خصوصاًتمام ایسوسی ایشنزکے نمائندوں کی آل پارٹیز کانفرنس طلب کرکے حقائق سے آگاہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے نے کہا کہ کاروبار کرنے والا ہر شخص معیشت کی ترقی چاہتا ہے اور اس کیلئے ہر ممکن کردار بھی ادا کیا جارہاہے لیکن ہیجان کی فضا بدستوربر قرار ہے جسے ختم کرنے کے لئے حکومت تمام اسٹیک ہولڈرزسے ملاقاتوں اور رابطوں کا سلسلہ بڑھائے تاکہ حالات سے آگاہی حاصل ہوسکے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس تناظر میں آل پارٹیز کانفرنس طلب کر کے حکومت کی معاشی ٹیم کے ذریعے تفصیلی بریفنگ کا اہتمام کیا جائے۔اشرف بھٹی نے کہا کہ معیشت کی ترقی کے لئے روایتی طریقوں کی بجائے مرحلہ وار جدت کی طرف بڑھاجائے، ٹیکسیشن کے نظام کو آٹو میشن پر لایا جائے جبکہ نئی انڈسٹری اور کاروبار میں درجنوں محکموں کے کردارکو محدودکر کے اسے ون ونڈو کی طرز پر شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کی ترقی کے لئے چھوٹی انڈسٹری کی سرپرستی کرے جس سے حکومت پر بغیر کسی بوجھ کے بغیرروزگار کے مواقع پیداہوں گے اورمعیشت بھی ترقی کرے گی۔

مزید :

کامرس -