اینٹی کرپشن کی شق پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہمایوں اختر خان

اینٹی کرپشن کی شق پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہمایوں اختر خان

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئرمرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ نیب ترمیمی آرڈیننس پرمشاورت کے دوران اینٹی کرپشن کی شق پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،نیب کے معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات بائنڈنگ نہیں ہیں تاہم انہیں یقینی طور پر زیرغورلایاجائے گا،2020مدینہ کی ریاست کے قیام کی جانب پیشرفت، انڈسٹری کی بحالی اور روزگارکی فراہمی کا سال ثابت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفترمیں پارٹی رہنماؤں کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ہمایوں اختر خان نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) نے اپنے دور میں نیب قانون میں موجود سقم دور کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے اور ہماری حکومت اس سلسلہ میں آگے بڑھی ہے اور مشاورت کے عمل میں اپوزیشن کو بھی شامل کیاگیا ہے، نیب قانون میں موجود نقائص کو مشاورت سے دور کیاجائے گا لیکن یہ طے ہے کہ اس کی آڑ میں اینٹی کرپشن کی شق اور احتساب کے جاری عمل پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا اگر کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ نیب ترمیمی آرڈیننس پر بات چیت سے تحریک انصاف کی احتساب کے خلاف جدوجہد ختم ہو جائے گی اور کرپشن کرنے والوں کو چھوٹ مل جائے گی تو ایساممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے مسائل کے حل اور ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے جتنے اقدامات اٹھائے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی اور انشا اللہ 2020کامیابیوں کا سال ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)میں قیادت کا بحران ہے اور یہ مستقبل کے حوالے سے ہے۔ہم نہیں چاہتے کہ اپوزیشن میدان سے باہر ہو جائے لیکن اب یہ جماعتیں اپنے ماضی کے ساتھ مستقبل کی سیاست نہیں کر سکتیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...