پولیس کو عوام کی مددگار اور پروفیشنل فورس بنانا میرا مشن:آئی جی پنجاب

  پولیس کو عوام کی مددگار اور پروفیشنل فورس بنانا میرا مشن:آئی جی پنجاب

  



لاہور(کر ائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ معاشرے میں احساس تحفظ کی فضا کو فروغ دیتے ہوئے پنجاب پولیس کو سمارٹ اور کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق عوام کی مددگاراور پیشہ ورانہ طور پرمزید مضبوط اور فعال فورس بنانا میرا مشن ہے اور اس سلسلے میں تمام افسران واہلکاروں کوخلوص نیت، ایمانداری اور پروفیشنلزم کے جذبے سے اپنے فرائض سر انجام دینا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پولیس لائنز ساہیوال میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر آرپی او ساہیوال ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی پی او ساہیوال کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء، ڈی پی او پاکپتن صاحبزادہ عمربلال،ڈی پی او اوکاڑہ عمر سعید ملک، ریج کے ایس پی انویسٹی گیشنز، ایس پی سپیشل برانچ، ریجن کے تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوزموجود تھے۔سروس ڈلیوری کی باآسانی فراہمی کے ذریعے شہریوں کودرپیش مسائل نہ صرف بروقت حل ہوسکیں بلکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا عمل مزید تیز ہوسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سینئر افسران تھانوں کی ورکنگ کو مزید موثر بنانے کیلئے انسپکشن اور اچانک دوروں میں مزید تیزی لائیں اور قانون کے یکساں نفاذ کو یقینی بناتے ہوئے فورس کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے انہیں ہر ممکن تعاون اور راہنمائی فراہم کریں۔ انہوں نے تاکید کی کہ بد عنوانی، اختیارات سے تجاوز،عوام کے ساتھ بد سلوکی اور فرائض سے غفلت کے عادی افسران و اہلکار اپنے رویے درست کرلیں ورنہ نہ انہیں فیلڈ پوسٹنگ سے ہٹا دیا جائے بلکہ انٹرنل اکاؤنٹیبلیٹی سسٹم کے تحت سخت محکمانہ کاروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ تمام فورس کیلئے میرا یہ پیغام ہے کہ اب محکمہ میں صرف اسے عزت ملے گی جس کی پہچان اس کی قابلیت،ایمانداری اور فرض شناسی ہوگی۔ جیو فینسنگ اور فارنزک سائنس سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

مزید : علاقائی