کرائم کنٹرول کرنے کیلئے شہریوں اور تاجروں کا تعاون ضروری،سی سی پی او

کرائم کنٹرول کرنے کیلئے شہریوں اور تاجروں کا تعاون ضروری،سی سی پی او

  



لاہور (کر ائم رپورٹر) سی سی پی او ذوالفقار حمید نے تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرائم کنٹرول کیلئے پولیس کے ساتھ شہریوں اور تاجروں کا تعاون ضروری ہے۔ لاہور کی تاجر برادری نے ہمیشہ پولیس کا ساتھ دیا۔ کاروباری مراکز میں سکیورٹی کیمرے اور گارڈز کی موجودگی ضروری ہے۔ وہ اپنے آفس میں معاون خصوصی ملک امانت اور صدر لاہور چیمبر عرفان شیخ کی قیادت میں مختلف تاجر تنظیموں کے رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کر رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید، سی ٹی او ملک لیاقت علی اور تاجروں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ سی سی پی او نے مسائل کے حل کیلئے ایس ایس پی ایڈمن اطہر وحید کو فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے تجاوزات، پارکنگ اور پولیس سے متعلق دیگر مسائل حل کرانے کی یقینی دہانی کرائی۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہر کیا کہ ورلڈ کرائم انڈیکس میں لاہور دنیا کے کئی شہروں کی بہ نسبت محفوظ شہر ہے۔ لاہور پولیس نے حالیہ عرصے میں بین الاضلاعی گروہوں سمیت کئی گینگ گرفتار کئے ہیں۔ مصروف مارکیٹوں میں پارکنگ کے مسائل کے حل کے لئے تاجر برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ ذوالفقار حمید نے سی ٹی او لاہور کو ہدایت کی کہ وہ تاجروں کے وفد سے الگ ملاقات کر کے پارکنگ کے مسائل کے حل کے لئے ٹھوس لائحہ عمل تیار کریں۔ معاون خصوصی ملک امانت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ حکومتی اقدامات کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ صدر لاہور چیمبر عرفان شیخ نے کہا کہ لاہور میں 16نئے پارکنگ پلازوں کے قیام کے حکومتی منصوبے کی تکمیل سے پارکنگ کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ اس موقع پرتاجر رہنما نعیم میر، خالد پرویز، اشرف بھٹی، عبدالودود، سہیل بٹ، محبوب سرکی اور میاں طارق فیروز بھی موجود تھے۔

مزید : علاقائی