ماہ نور کا والدہ کے ہمراہ کامیڈین غفار لہری کی عیادت

  ماہ نور کا والدہ کے ہمراہ کامیڈین غفار لہری کی عیادت

  



لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان کے معروف کامیڈین لیجنڈ فنکار لہری مرحوم کے ہونہار شاگرد غفار لہری ان دنوں شدید علیل ہیں گزشتہ روز فلم اور ٹی وی کی معروف اداکارہ،ماڈل اور ہوسٹ ماہ نور اور ان کی والدہ نے ان کی عیادت کی۔اس موقع پر غفار لہری کا کہنا تھا کہ موجودہ نفسا نفسی کے دور میں بہت کم لوگ ایسے ہیں جو کسی کو مشکل وقت میں یاد رکھتے ہیں میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ کسی پر مشکل وقت نہ لائے اور نہ ہی کسی کو بیماری میں مبتلاء کرے میں نے زندگی بھر کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائے اور نہ ہی مستقبل میں میراایسا کوئی ارادہ ہے۔ ہماری حکومت کو چاہیے کہ وہ مستحق فنکاروں کو ان کی زندگی میں ہی یاد رکھے مرنے کے بعد تو کوئی کسی کو یاد نہیں رکھتا۔

غفار لہری نے کہا کہ میں ماہ نور اور ان کی والدہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری مزاج پرسی کی اور میرے حوصلوں کو بلند کیا۔ماہ نور کا کہنا تھا کہ انسان کسی کی خوشی میں بے شک شریک نہ ہو مگر بیماری اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کو یاد رکھنا ہی اصل انسانیت ہے یہ بات ہر ایک کو یاد رکھنی چاہیے کہ برا وقت کسی پر بھی آسکتا ہے۔میں حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ ہمارے مستحق فنکاروں کا وظیفہ فوری طور پر بحال کرے تاکہ ان کے گھروں کے ٹھنڈے چولہے روشن رہیں۔

مزید : کلچر