ڈیرہ:سبزی منڈی میں تجاوزات کیخلاف بڑا آپریشن،68دکانیں مسمار

  ڈیرہ:سبزی منڈی میں تجاوزات کیخلاف بڑا آپریشن،68دکانیں مسمار

  



ڈیرہ(سٹی رپورٹر، نمائندہ خصوصی)ڈیرہ غازی خان کی سبزی منڈی میں تجاوزات کے خلاف رات گئے آپریشن کرتے ہوئے چھوٹی بڑی  68 دکانیں مسمار کردی گئیں۔کمشنر نسیم صادق نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کی خود نگرانی کی. غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کے وقت اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ،چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اقبال فرید بھی موجود تھے۔ریونیو،(بقیہ نمبر18صفحہ12پر)

مارکیٹ کمیٹی،کارپوریشن،ڈی آر ٹی اے کے 100 سے زائد ملازمین، پنجاب پولیس کے 50 ملازمین،پانچ ایکسی ویٹر اور 20 ٹریکٹرٹرالیوں نے آپریشن میں حصہ لیا.آپریشن آٹھ گھنٹے سے زائد جاری رہا۔کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ بلا امتیاز جاری رکھا جائیگا۔دریں اثنا کمشنر نسیم صادق نے سبزی منڈی میں کیے گئے گزشتہ رات کے آپریشن کے بعد کسی صورتحال کا جائزہ لیا انہوں نے کارپوریشن کے ویئر ہاوسز پر جا کر جھولے، بنچز اوردیگر کارآمد اشیاء کی تیاری کے عمل کا بھی جائزہ لیا. ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 12 سے زائد گاڑیاں بند کردی گئیں۔روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی پر چار بسوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے  کمشنر نسیم صادق نے بند گاڑیوں کے اصل مالکان کو دستاویزات کی تکمیل پر بند گاڑیاں سپرد داری پر دینے کے احکامات جاری کئے کمشنر نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔مانکا کینال کے کنارے پر ورکشاپ،سبزی منڈی اور مراکز کی گاڑیاں بند کردی جائیں گی۔کمشنر نسیم صادق نے ہدایات جاری کیں کہ متعلقہ محکموں سے تصدیق کے بعد لوازمات پورے ہونے پر گاڑیاں سپرد داری پر اصل مالکان کے حوالے کی جائیں۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کامران انور نے بتایا کہ چار بسیں روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑی گئیں۔ مشیر وزیراعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق کے ہمراہ شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔مشیر وزیراعلی پنجاب محمد حنیف پتافی اور کمشنر نسیم صادق نے جنرل بس سٹینڈ،غازی پارک اور شہر کے دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کلین اینڈ گرین مہم کے تحت جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔غازی پارک کی زمین کو ہموار کیا جارہا ہے۔جنرل بس سٹینڈ کے کوڑا کی تلفی کا کام تیزی سے جاری ہے بھاری مشینری کے ذریعے کام کرایا جارہا ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ،چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اقبال فرید،ایکسئین انجینئرنگ چوہدری محمد ندیم،ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر ملک عابد محمود اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔

مسمار

مزید : پشاورصفحہ آخر