شادی بیاہ میں غیر ضروری رسومات دین اسلام کی نفی ہیں، قاری صداقت علی

 شادی بیاہ میں غیر ضروری رسومات دین اسلام کی نفی ہیں، قاری صداقت علی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


جدہ (محمد اکرم اسد) پاکستان کے پرائڈ آف پرفارمنس اور ستارہ امتیاز کے حامل قاری سید صداقت علی نے کہا کہ دین اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو شادی بیاہ کی غیر ضروری رسومات کے خلاف ہے جبکہ تصرف سے پاک اور سادگی کے ساتھ انجام دینے کی تعلیم دیتا ہے۔ وہ جدہ میں کئی عشروں سے مقیم ممتاز اور ہردلعزیز شخصیت صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری انجینئرمحمد آصف کی صاحبزادی کی رخصتی کی تقریب میں نمائندہ پاکستان سے گفتگو کررہے تھے۔انھوں نے احادیث کی روشنی میں نکاح کی اہمیت اور اس کی افادیت کے بارے میں کہا کہ رسول اللہؐ نے فرمایا کہ نکاح میری سنت ہے جو نہیں کرے گا وہ مجھ سے نہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس حدیث میں بڑی حقیقت یہ پوشیدہ ہے کہ تکمیل دین کیلئے نکاح ضروری ہے اور سب سے برکت والا نکاح وہ ہے جس میں کم خرچ ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو پاکستانی ملک سے باہر ہیں وہ حقیقی معنوں میں ملک کے سفیر ہیں۔ اس لئے ان میں سلیقہ مندی اوراخلاقی اقدار زیادہ ہونی چاہئیں کیونکہ صلح اور امن وسلامتی کی اجتماعی زندگی کی ضامن صرف اخلاقی اقدار ہیں۔ انہیں اپنے قول و فعل سے اپنے ملک کا نام روشن کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ آپ کسی بھی ملک جائیں یہ آپ پر فرض ہے کہ وہاں کے مقامی قوانیں کا احترام کریں، قاری سید صداقت علی نے کہا کہ پاکستان ایک نعمت ہے اورہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے۔ قاری سید صداقت علی کے ساتھ امریکا سے آئے ہوئے پاکستان کے نامور نعت خواں اور شاعر نور محمد جرال بھی موجود تھے۔ انھوں نے بھی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قاری صداقت علی

مزید :

صفحہ آخر -