دہشتگردی،کرپشن اور معاشی مسائل کے خاتمہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا:چودھری سرور

  دہشتگردی،کرپشن اور معاشی مسائل کے خاتمہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ...

  



لاہور(نمائندہ خصوصی) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ملکی مفاد میں حکومت،اپوزیشن اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے مگر سیاسی جماعتیں متفق ہیں کہ پاکستان کو اتفاق رائے سے آگے لے کر چلنا ہے۔دہشت گردی،کر پشن اورمعاشی سمیت تمام مسائل کا خاتمہ بھی ملک وقوم کیلئے لازم ہے جس پرکسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ وہ اوورسیز پاکستانی میاں طارق جاوید اور پنجاب جوڈوکراٹے ایسوسی ایشن کے عہدیداران، کھلاڑیوں اور چوہدری عاصم سمیت دیگر کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ اپوزیشن سے ہماری کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہم پاکستان کو کر پشن،ظلم،ناانصافی،مہنگائی اور بے روزگاری سمیت دیگر مسائل سے نجات دلانے کیلئے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اور اپوزیشن جس طر ح پار لیمنٹ میں ملکی اور عوامی مفاد میں حکومت کیساتھ تعاون کر رہی ہے یہ خوش آئند ہے اس سے جمہوریت،پارلیمنٹ اور ملک بھی مضبوط ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو معاشی اور دیگر مسائل کے ساتھ دہشت گردی کے ناسور کا بھی سامنا ہے جسکے خلاف سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت پوری قوم متحد ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ افواج پاکستا ن اور دیگر سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کیخلاف بھر پور جنگ لڑ رہی ہیں اور پوری قوم اپنے دفاعی اداروں کیساتھ کھڑی ہے کوئٹہ میں مسجد میں دہشت گردی کر کے بے گناہوں کو شہید کر نیوالے مسلمان نہیں ہوسکتے ہم شہداء کے خاندان کے غم میں برابر کے شر یک ہیں اور انکے ساتھ ہیں۔ پنجاب جوڈوکراٹے ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے 13ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں 32 طلائی، 41 چاندی اور 59 کانسی کے تمغے جیتنے پر کھلاڑیوں کو مبارکبا د پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس سمیت ہر شعبے میں پاکستانی دنیا میں اپنے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں اور پوری قوم کو اپنے ہیروز پر فخر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں نوجوانوں کو مضبوط اور خوشحال بنا رہی ہے۔ گورنر نے کہا کہ ہنر مند پاکستان پروگرام سے ملک میں صنعتی انقلاب آئے گا۔

چودھری سرور

مزید : صفحہ آخر