ملکی معیشت تباہ،حکومت نے قرضوں کے ریکارڈ توڑ دیئے:شہباز شریف

ملکی معیشت تباہ،حکومت نے قرضوں کے ریکارڈ توڑ دیئے:شہباز شریف

  



لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو تباہ کر دیا گیا ہے، موجودہ حکومت نے قرضوں کے ریکارڈ توڑ دیئے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں قرضوں کی ذمہ دار کوئی ایک حکومت نہیں ہے یہ مسئلہ 70سال سے چلتا آرہا ہے تاہم تحریک انصاف حکومت نے اپنے ڈیڑھ سال میں ریکارڈ قرضے لئے جو پچھلی حکومتوں کے مقابلے میں کئی فیصد زیادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہپچاس لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکر یا ں کہاں ہیں؟، اس سے بڑا جھوٹا وزیراعظم تاریخ میں نہیں آیا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرنے کہا کہ کروڑوں لوگ بیروز گار ہو چکے ہیں، آرمی چیف کی مدت میں توسیع، بدنیتی کی وجہ سے نوٹیفکیشن میں غلطیاں کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ ترمیم سے متعلق بل کی حمایت کا فیصلہ پارٹی نے مشاورت سے کیا تھا۔ شہباز شریف نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ حکومت نے جب آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تو اس وقت تو واویلا نہیں تھا، معاملہ عدالت میں آنے کے بعد سپریم کورٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ توسیع کے معاملے پر قانون سازی کرے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس طرح کی مثالیں موجود ہیں کہ مدت ملازمت میں توسیع دی گئی، ایسا نہیں ہوا کہ مشرف اور دیگر آمروں کی طرح جو خود کو ایکسٹینشن دیتے رہے، نوٹیفکیشن سے متعلق عمران خان نے صرف غلطیاں نہیں کیں بلکہ بدنیتی بھی شامل تھی۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اصل معاملہ پاکستان کے عوام کی غربت، بیروزگاری اور صحت کی فراہمی ہے، نوازشریف نے اپنے دور میں عوامی مسائل کے حل کیلئے تاریخی اقدامات کیے، نوازشریف نے چار سال میں بجلی کا بحران حل کرکے پاکستان کی لازوال خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ عوام کے مسائل کو سامنے رکھیں، کروڑوں لوگ بیروزگار ہوچکے ہیں۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کیخلاف جھوٹے کیسز بنائے جارہے ہیں اور احتساب کے نام پر انتقام لیا جارہا ہے، حکومت نے اپوزیشن کیخلاف انتقامی احتساب پر ڈیڑھ سال ضائع کردیا ہے اور کچھ نہیں نکلا اگر حکومت اس ڈیڑھ سال کی آدھی مدت بھی عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیتی تو آج ملک کے حالات اتنے خراب نہ ہوتے۔ایک سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ حامد کرزئی نوازشریف کی خیریت پوچھنے آئے تھے اور انہوں نے پاکستانی عوام کیلئے خیرسگالی کا پیغام دیا ہے۔قبل ازیں لندن میں سابق افغان صدر حامد کرزئی نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

شہبازشریف/ملاقات

مزید : صفحہ اول