یوکرائن طیارہ نادانستہ نشانہ بنا:ایران،کیف کا تہران سے ذمہ داروں کو سزا،متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ،المناک غلطی پر افسوس،معذرت خواہ ہیں،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی:صدرروحانی

یوکرائن طیارہ نادانستہ نشانہ بنا:ایران،کیف کا تہران سے ذمہ داروں کو ...

  



  تہران، کیف (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) ایران نے یوکرائن کے مسافر طیارے کے حادثے کو انسانی غلطی قرار دیدیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ یوکرائن کا مسافر طیارہ غلطی سے حملے کا نشانہ بناجس پر ہم معذرت خواہ ہیں۔یوکرائن نے اپنے مسافر بردار طیارے کی تباہی پر ایران سے ذمہ داروں کو سزا دینے اور متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی خبر ایجنسی کا کہنا ایران کے حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کو ملٹری کی جانب سے مار گرانا انسانی غلطی تھی، طیارہ حساس ملٹری اسٹرائیک کے پاس سے گزرتے ہوئے نشا نہ بنا۔  ایران نے اپنی افواج کی جانب سے میزائل داغ کر نادانستہ طور پرتباہ کئے جانیوالے طیارے کے بلیک باکس تک یوکرائن کو رسائی بھی دیدی، جس کی یوکرائن کے حکام نے تصدیق کر دی ہے۔ادھرایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا مسلح افواج کی تحقیقات کے مطابق واقعہ انسانی غلطی اور طاقت کے زعم میں مبتلا امریکی مہم جوئی کے دوران پیش آیا، واقعے پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے معذرت چاہتے ہیں۔ایرانی کمانڈر امیر علی حاجی نے کہا ایرانی پاسداران انقلاب حادثے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے، ایئر ڈیفنس آپریٹر نے طیارے کو کروز میزائل سمجھا، حادثے کا پتہ چلا تو خواہش ہوئی مرجاؤں، ایسا حادثہ دیکھنے سے پہلے مرنے کو ترجیح دیتا۔دوسری طرف  ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کو اس المناک غلطی پر گہرا افسوس ہے، ناقابل معافی واقعے کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی،میرے احساسات اس واقعے پر متاثرہ خاندانوں کیساتھ ہیں، ایران اس افسوسناک سانحہ کی وجوہات اور اس کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے تحقیقات جاری رکھے گا۔ جبکہ ایران کے سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یوکرائن کے مسافر طیارے کو نادانستہ طور پر نشانہ بنانے کا اعتراف کرتے ہوئے ایران نے متاثرہ خاندانوں کیساتھ اظہار افسو س کیا ہے۔ ہفتہ کو ایرانی فوج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ایرانی سرکاری ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا یوکرائن کے مسافر بردارطیارے کو بدھ کے روز نادانستہ طور پر مار گرایا گیا تھا جس کے نتیجے میں میں جہاز میں سوار تمام 176مسافر اور عملے کے ارکان ہلاک ہوگئے تھے،جو بدھ کو تہران کے امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہوگیا تھا۔سرکاری ٹی وی کی مطابق ایرانی مسلح افواج کا کہنا ہے انہوں نے غلطی سے یوکرائینی طیارے کوجنگی جہاز سمجھ لیا تھا۔ادھر  یوکرائن کے وزیر خارجہ ویدیم پرسٹاکیو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہمارے تفتیش کاروں نے تباہ ہونیوالے طیارے کے بلیک باکس تک رسائی حاصل کرلی ہے، ایران نے یوکرائن کی 50 رکنی ٹیم کو بلیک باکس اور جائے حادثہ تک رسائی دی۔ ہم جہاز کے ٹکڑوں کیساتھ لاشوں کا بھی کیمیکل تجزیہ کررہے ہیں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا ایران کی جانب سے مکمل تعاون کیا جارہا ہے، ہم کسی نتیجے تک پہنچنا چاہتے ہیں اور ہم اب تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچے ہیں جبکہ ہم کسی بھی امکان کو رد بھی نہیں کررہے ہیں۔قبل ازیں یوکرائنی صدر وولودیمیر زیلینسکی نے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرائنی طیا رے کی تباہی پر ایران ذمہ داروں کو سزا دے اور متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ ادا کرے۔ اپنے ایک فیس بک بیان میں یوکرائنی صدر نے کہا یوکرائنی طیارے کو مار گرانے والے افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرائنی صدر کا کہنا تھا ایران طیارہ حادثے پر معافی بھی مانگے۔ توقع کرتے ہیں طیارے کی باقیات جلدوا پس کر دی جائیں گی اور پر امید ہیں کہ واقع کی انکوائری بغیر کسی ارادی تاخیر کے کی جائے گی۔ادھر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی ذمہ داران کے احتساب اور متاثرین کے لواحقین اور عزیزوں کیلئے شفاف انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک قومی سانحہ ہے اور اس پر کینیڈا کے شہری ایک ساتھ سوگ منا ر ہے ہیں۔دوسری جانب روس کی انٹرفیکس نیوز ایجنسی کے مطابق روسی پارلیمنٹ کی امور خارجہ کمیٹی کا کہنا ہے ایران کو اس واقع سے سبق سیکھنا چاہیے۔چیئرمین کمیٹی کونسٹنٹین کوسا چیف کا کہنا تھا اگر بلیک باکس کی ریکارڈنگ اور تحقیقات سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ایرانی فوج نے طیارہ جان بوجھ کر مار گرایا ہے تو یہ معاملہ ختم ہو جانا چاہیے۔ امید ہے ایران کیلئے یہ واقعہ سبق آموز ہو گا اور اس کے تمام فریقین کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔دریں اثناء فرانس کی وزیر دفاع فلورنس پارلی انٹر ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا حال ہی میں جو واقعات ہم نے دیکھے ہیں ہمیں ان کے ڈرامائی تسلسل سے سبق سیکھنا چاہیے کہ ہمیں کشیدگی کو ختم کرنا ہوگا۔واضح رہے یوکرائینی ایئرلائنز کے تباہ ہونیوالے طیارے میں 82 ایرانی، 63 کینیڈ ین،11 یوکرائینی، 10 سویڈش، چار افغان، تین جرمن اور تین برطانوی شہری سوار تھے۔

ایران اعتراف 

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے حادثاتی واقعے کے اعتراف کے بعد تشویش میں کمی آنے کی امید ہے۔یوکرائن کے مسافر بردارطیارے کو نا دنستہ طور پر میزائل سے مار گرانے کے ایران کا اعتراف سے متعلق بیان پر ردعمل میں گزشتہ روز وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا یہ خطہ مزید کسی کشیدگی یا لڑائی کا متحمل نہیں ہو سکتا اور پاکستان کشیدگی کم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایران روا نہ ہو رہے ہیں جہاں وہ ایرانی قیادت سے ملاقات کریں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا ایران اور امریکہ کے درمیان پائی جانیوالی کشیدگی میں کمی لانے کی ضرورت ہے، صدر ٹرمپ کے حالیہ بیان سے ایک امید کی کرن دکھائی دی ہے۔

شاہ محمود قریشی

مزید : صفحہ اول