معیشت کا پہیہ چل پڑا،عوام کو درپیش مشکلات پر جلد قابو پالیں گے:عثمان بزدار

معیشت کا پہیہ چل پڑا،عوام کو درپیش مشکلات پر جلد قابو پالیں گے:عثمان بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کا پہیہ چل پڑا،عوام کودرپیش مشکلات پر جلدقابوپالیں گے، کم آمدن والے افراد کیلئے کم لاگت کے گھر وں کی تعمیر کا منصوبہ تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے، نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم سے کم آمدن والے افراد کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا ہوگا اور ملک میں روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلی میں وزیر مملکت برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس شبیر علی قریشی سے ملاقات کے دوران کیا۔وزیراعلی عثمان بزدار نے کہاکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے مثبت اورتعمیری سیاست ضروری ہے لہٰذاحالات کے پیش نظر اپوزیشن کو پوائنٹ سکورنگ سے گریز کرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے غریب عوام کا سوچنے کی بجائے اپنی جیبیں بھرنے پر توجہ دی جبکہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ غریب عوام کو اوپراٹھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان میں تبدیلی کے سفر کو جاری رکھے گی۔درٰ اثناء وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے ملاقات کی،جس میں اتحاد و یگانگت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ملاقات میں کوئٹہ خودکش حملے کی شدید مذمت، شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں خودکش حملہ ہر لحاظ سے قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ بے گناہ اور معصوم نمازیوں پر حملہ کرنے والے ہرگز مسلمان نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔عثمان بزدارنے کہا کہ پاکستان اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ نریندر مودی کی جانب سے کشمیر یوں پر ظلم سے خطہ میں امن کو بڑا دھچکا لگا۔ عالمی برادری کو پاک بھارت کشیدگی ختم کروانے میں بنیادی کردار ادا کرنا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے عمان کے سلطان قابوس بن سعید السعید کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوارشاہی خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

 سردارعثمان بزدار

مزید : صفحہ اول


loading...